کوریہ ( چھتیس گڑھ )/ ایجنسیز // چھتیس گڑھ کے کوریہ ضلع میں ریت کی نکاسی کے تنازعہ میں تین افراد زندہ جل گئے جن میں ایک بی جے پی لیڈر بھی شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک فارچونر گاڑی کو پٹرول ڈال کر آگ لگادی گئی اور جس وقت تک آگ پر قابو پایا جاتا تین افراد زندہ جل گئے تھے جن میں ایک بی جے پی لیڈر و سابق جن پد پنچایت صدر بھرت سنگھ بھی شامل تھے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ گاڑی دو ٹرکس کے درمیان پھنس گئی تھی ۔ یہ واقعہ نئوگائن گاوں میں پیش آیا جو سونہٹ پولیس اٹیشن کے حدود میں واقع ہے ۔ مہلوک بی جے پی لیڈر کے افراد خاندان کا کہنا ہے کہ بھرت سنگھ ریت کی کانکنی کے امور میں پیدا ہوئے تنازعہ کی یکسوئی کیلئے گئے تھے تاہم وہ خود جال میں پھنس گئے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں چار افراد اکشت ترپاٹھی ‘ وشال ترپاٹھی ‘ ستیہ پرکاش ترپاٹھی اور منو ترپاٹھی کو گرفتار کرلیا ہے اور مزید افراد کی تلاش جاری ہے ۔ اس واقعہ کے بعد کوریہ ضلع میں زبردست کشیدگی دیکھی گئی اور پولیس کی بھاری جمیعت کو وہاں متعین کردیا گیا ہے ۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریت کی کانکنی کے مسئلہ پر تنازعہ اس کی وجہ بنا ہے ۔










