26دسمبر تک موسم خشک جبکہ 27دسمبر کو کہیں کہیں پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری کی پیشگوئی
سرینگر // بادشاہ چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ سرینگر میں مسلسل درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے ۔ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام منفی 4.3ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے سر د ترین علاقہ رہا ۔ اسی دوران سوموار کی صبح گہری دھند کے باعث کئی گھنٹوں تک معمول کی زندگی متاثر رہی جبکہ سڑکوں پر چلنے کے دوران گاڑیوں کو ہیڈ لائٹس کا استعمال کرنا پڑا ۔ادھر محکمہ موسمیات نے 27دسمبر کو کہیں کہیں پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس دوران صبح و شام یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔اگرچہ رات بھر آسمان کھلا رہتا ہے تاہم اس دوران کھلے آسمان کی وجہ سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات کے وقت ہڑیوں کو گلا دینے والی اس سردی کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں سے باہر نہیں آتے۔سوموار کی اعلیٰ الصبح شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں گہری دھند کے باعث معمول کی زندگی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی ۔ صبح قریب 11بجے تک گہری دھند کے باعث جہاں لوگ گھروں میںہی محصور تھے وہیں سڑکوں پر چلتی گاڑیوں کو ہیڈ لائٹس کا استعمال کرنا پڑا کیونکہ دھند اس قدر گہری تھی کہ دور دور تک کچھ نہیں دکھائی دیتا تھا ۔ دن بھر اگر چہ فضاء میں سورج بھی جلوا ہ افروز ہوتا تاہم اس دوران بھی سرد ہواؤں کی لہر سورج کی تمازت کو کھا جاتی ہے۔شہر سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں سردیو ں کی وجہ سے صبح دیر سے دن شروع ہوتا ہے اور شام کو جلد ہی رات ہونے کی وجہ سے اوقات کار میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی وادی میں عام زندگی اگر چہ متاثر ہوتی ہے تاہم سخت ترین سردیوں اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوتا ہے۔ دریں اثناء سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گر گیا ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پہلگام میں گزشتہ رات منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر ہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں میں گزشتہ رات 9.6 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 7.3 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی میں چلہ کلان کے پانچویں روز موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔جس کے باعث صبح پینے کے پانی کے نل منجمند پائے گئے۔ کچھ ایک آبی ذخائر کو بھی جزوی طور پر منجمند پایا گیا۔ تاہم سری نگر سمیت وادی کے تمام علاقوں میں دوپہر ایک بجے سے اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی۔ادھر وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے 27دسمبر سے برفباری کے ایک اور مرحلے کی پیشگوئی کی ہے متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے انہوں نے کہا کہ 27دسمبر سے موسم کہیں کہیں خراب ہو سکتا ہے ۔










