ڈوڈہ / /ڈوڈہ کے اپنے دن بھر کے دورے کے دوران کئی عوامی وفود نے لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں مختلف ترقیاتی مسائل اور لوگوں کے مطالبات سے آگاہ کیا ۔ وفود میں ضلع ترقیاتی کونسل ، میونسپل کونسل ، بی ڈی سی کے چئیر پرسنز ، سابق اراکین اسمبلی ، سیاسی رہنما ، سول سوسائٹی کے اراکین ، گجر و بکروال برادری کے اراکین ، بار ایسوسی ایشن اور سینئر سٹیزنز فورم شامل تھے ۔ وفود نے صحت ، تعلیم اور کھیلوں کی سہولیات ، سڑکوں کے نیٹ ورک اور پاور انفراسٹرکچر کی مضبوطی ، مختلف محکموں میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے ، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ، ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ کے فروغ ، سیاحت ، ہیلی سروسز اور گنڈولہ پراجیکٹس سے متعلق مطالبات اٹھائے ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفود کے ارکان کی طرف سے پیش کئے گئے تمام مسائل کو غور سے سُنا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یو ٹی انتظامیہ کی طرف سے تمام حقیقی مسائل پر پوری سنجیدگی کے ساتھ مناسب اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ یو ٹی حکومت جموں و کشمیر کے تمام خطوں کی مساوی اور ہمہ گیر ترقی کے مقصد کے ساتھ کام کر رہی ہے اور دور دراز علاقوں کی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔










