Weather

پیر کوموسم خشک اورآسمان صاف رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقعہ

11سے13جنوری تک ہلکی سے بھاری برف باری ہونے کاامکان:محکمہ موسمیات

سری نگر//پیر کوموسم خشک اورآسمان صاف رہنے کے باعث پیر اور منگل کی درمیانی رات درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہونے کے بعد منگل کی صبح سری نگر اور جموں شہر سمیت بیشتر قصبوں وعلاقوںمیں گہری دُھند چھائے رہی ،جسکے ڈرائیوروںکوہیڈ لائٹس آن کرکے گاڑیاں چلانا پڑیں ۔اس دوران منگل کوصبح سے ہی پوری کشمیر وادی میں سردی کی لہر جاری رہی ۔اُدھر محکمہ موسمیات نے پھر11سے13جنوری تک ہلکی سے بھاری برف باری ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ اس دوران زمینی وفضائی ٹرانسپورٹ کیساتھ ساتھ بجلی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق پیر کودن بھر موسم خشک اورآسمان صاف رہنے کے بعد رات کے وقت درجہ حرارت میں پھر تھوڑی کمی ریکارڈکی گئی جبکہ منگل کوصبح سے ہی بادل چھائے رہنے کے بیچ سردی کی لہر بھی جاری رہی ۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے منگل کی صبح بتایاکہ پیراورمنگل کی درمیانی رات زیادہ تر مقامات پر کم از کم درجہ حرارت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ منگل کوصبح سے ہی جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں دھند چھائے رہنے کے باعث گاڑیوںکی آمدورفت میں خلل پڑا۔انہوںنے بتایا کہ سرینگر، قاضی گنڈ اور جموں میں دُھند کی وجہ سے حد نگاہ میں نمایاں کمی پائی گئی۔ تاہم دن گزرنے کیساتھ ساتھ اس میں بہتری آئی۔محکمہ موسمیات کے ذمہ دار نے کہاکہ پیراورمنگل کی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے2.3ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات کے ذمہ دار نے مزید کہا کہ پہلگام میں پیراورمنگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 8ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو معمول سے 0.4ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی4,4 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیاجومعمول سے 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا ۔انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قصبے میں گزشتہ رات کم سے کم پارہ 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ رہاجو معمول سے 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 21دسمبر2022کوشروع ہونے والے شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے21دن گزرچکے ہیں اورابھی19دن باقی ہیں کیونکہ 40روزہ چلہ کلان 30جنوری کواختتام پذیر یارُخصت ہوگا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پھر11سے13جنوری تک ہلکی سے بھاری برف باری ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ اس دوران زمینی وفضائی ٹرانسپورٹ کیساتھ ساتھ بجلی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے منگل کی صبح ایک ٹویٹ میں کہاکہ 10جنوری کومطلع ابرآلودرہنے کے باوجود بنیادی طور پر موسم خشک رہنے کاامکان ہے ،تاہم 11جنوری سے موسم کروٹ بدلے گا۔انہوںنے بتایاکہ 11سے13جنوری تک جموں وکشمیرمیں ماسوائے جموں کے میدانی علاقوں ،باقی بیشتر مقامات پر بڑے پیمانے پر برف باری ہونے کاقوی امکان ہے ،اوراس دوران 11جنوری کی شام سے بالائی علاقوںیااونچائی والے مقامات پر بھاری برف باری ہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ذمہ دار نے مزید بتایاکہ 11اور12جنوری کوہلکی سے بھاری برف باری ہونے کے باعث کئی شاہراہوں بشمول سن تھن ٹاپ،سادھنا ٹاپ(کرناہ شاہراہ)،گریز وبانڈی پورہ روڑ پر گاڑیوںکی آمدورفت یانقل وحمل میں رکائوٹ پیداہوسکتی ہے جبکہ 12جنوری کوزمینی ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ فضائی ٹرانسپورٹ اور بجلی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔