سرینگر//پہلگام میں بدھ کو آگ کی ایک واردات میں ایک ہوٹل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ مقامی لوگوں ،پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ پر قابو پاکر اس کو مزید پھیلنے سے روک دیا ۔ ادھر آگ کی وجہ سے کسی سیاح یا ہوٹل عملہ کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام میں بدھ کی صبح آگ کی ایک واردات میں ایک ہوٹل کو شدید نقصان پہنچا ۔ آگ نمودار ہونے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے پولیس اورمحکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا جنہوںنے کافی مشقت کے بعد آگ کو پھیلنے سے روک لیا۔اس ضمن میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پہلگام میں شیش ناگ نامی ایک ہوٹل میں بدھ کی صبح قریب آٹھ بجے آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں اس ہوٹل کی بالائی منزل کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے موقع پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کرلیا۔ادھر آگ کی اس واردات میں کسی سیاح یا ہوٹل عملہ کے کسی برف کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ۔










