کولگام//محکمہ آیوش ضلع ہسپتال پلوامہ کی جانب سے پوچھل علاقے میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں لوگوں کا ڈاکٹروں نے معائنہ کیا اور انہیں مفت دوائیں بھی دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق پلوامہ کے پوچھل علاقے میں آیوش یونٹ ضلع ہسپتال کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا افتتاح ڈی ڈی چیرمین سید عبداللہ باری نے ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر آیوش پلوامہ ڈاکٹر علی محمد کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر یوگا کے متعلق بھی جانکاری دی گئی۔کیمپ میں گورنمنٹ ہائی سکول پوچھل کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔جنہیں ڈاکٹر سجاد بشیر نے یوگا کی اہمیت کے حوالے سے جانکاری فراہم کی۔اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر آیوش ڈاکٹر موہن سنگھ کی ہدایت پر منعقدہ اس مفت طبی کیمپ میں علاقے کے افراد کو مفت طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔کیمپ کے دوران 652 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور ان میں مفت آیوش ادویات بھی دی گئیں۔نمائندے تنہا ایاز کے مطابق اس کیمپ سے علاقہ کے لوگوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور امید ظاہر کی مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپ منعقد ہوتے رہیں گے۔










