’خواتین کیخلاف مظالم پر حکومت کی خاموشی ، مجرموں کے حوصلے بلند ‘

’خواتین کیخلاف مظالم پر حکومت کی خاموشی ، مجرموں کے حوصلے بلند ‘

نئی دہلی/یو این آئی// کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت میں خواتین غیر محفوظ ہیں اور ان کے خلاف مسلسل ہو رہے مظالم کے معاملات میں فوری کارروائی کرتے ہوئے قصورواروں کو قانون کے تحت سزا دی جانی چاہیے ۔ مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں خواتین کے خلاف جس طرح کے واقعات ہو رہے ہیں، وہ انتہائی تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعے کی فصیل سے اپنے خطاب میں جس طرح ’نکسلی دماغ‘ لفظ کا استعمال کیا، وہ مجرموں کے حوصلے بلند کر رہا ہے ۔ ایسے لوگوں کو اپنے کیے گئے جرم پر نہ کوئی پچھتاوا ہے اور نہ پشیمانی۔ انہوں نے کہا کہ نشو آزاد نے لوک سبھا میں اپوزیشن کے قائد راہول گاندھی سے انصاف کی درخواست کی ہے ۔ نشو کے ساتھ جن لوگوں نے ظلم کیا ہے ، ان کے خلاف 24 گھنٹے کے اندر قانون کے تحت کارروائی شروع ہونی چاہیے اور فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے ۔ محترمہ لامبا نے کہا کہ مہلا کانگریس خواتین کے خلاف ہونے والے مظالم کے مخالفت میں آج پارلیمنٹ مارگ تھانے کے باہر احتجاج کر رہی ہے ، جس میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشو اور دیگر متاثرہ خواتین کے ساتھ ظلم کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کر کے کارروائی کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے جمعرات کو وزیر داخلہ امت شاہ کے پروگرام کے دوران دہلی پولیس کے ذریعہ دو خاتون صحافیوں کے ساتھ بربریت کے واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں خاتون صحافی وزیر داخلہ سے سوال پوچھنا چاہتی تھیں لیکن پولیس نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی اور انہیں ساکیت سے حراست میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں صحافیوں کے نام شاہین خان اور نفیسہ خان ہیں اور وہ نوئیڈا میں ایک نابالغ کے ساتھ بس میں ریپ کے معاملے میں وزیر داخلہ سے سوال پوچھنا چاہتی تھیں۔ وزیر داخلہ نے ان کے سوالوں کا جواب دینے کے بجائے پولیس کے ذریعے ان کے خلاف کارروائی کروائی۔ مہیلا کانگریس صدر نے دونوں خاتون صحافیوں کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کیا جانا چاہیے اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔