خواتین صحافیوں پر مبینہ تشدد کی شدید مذمت

خواتین صحافیوں پر مبینہ تشدد کی شدید مذمت

نئی دہلی/یو این آئی//ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی خواتین ونگ نے نئی دہلی کے ساکیت پولیس اسٹیشن میں دو آزاد خواتین صحافیوں، شاہین خان اور نفیسہ خان کے ساتھ مبینہ تشدد، غیر قانونی حراست اور مذہبی شناخت کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی سخت مذمت کی ہے ۔ یہ واقعہ 3 ستمبر 2026 کو پیش آیا۔ قومی خواتین ونگ کی کنوینر اور پارٹی کی نیشنل جنرل سکریٹری محترمہ شیما محسن نے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں صحافی ایک عوامی پروگرام میں سوالات کرنے کے بعد اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہی تھیں کہ انہیں مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے زبانی ہراسانی اور جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ محض پولیس کی بدسلوکی کا معاملہ نہیں بلکہ آزادیٔ صحافت، آزادیٔ اظہار اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ خاص طور پر یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ مبینہ طور پر ان کی مذہبی شناخت معلوم ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں کا رویہ مزید جارحانہ ہوگیا۔ مذہبی شناخت کی بنیاد پر کسی شہری کو نشانہ بنانا آئین کے بنیادی اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے منافی ہے ۔