پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے گلپور سیکٹر میں سرحدپارسے دراندازی کی کوشش ناکام

3افراد گرفتار،بڑی مقدارمیں اسلحہ وگولہ بارود اورکروڑوں کی ہیروئن ضبط:دفاعی ترجمان

سری نگر//فوج نے بدھ کے روز دعویٰ کیاکہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ3دہشت گردوں کی گرفتاری کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق ایک دفاعی ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد، جن کے پاس10 کلو گرام طاقتور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ (IEDs) بھی تھیں، کو سرحدی باڑ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ سرحدپار سے اس طرف گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔فائرنگ سے ایک فوجی جوان اور ایک دہشت گرد زخمی ہوا۔جموںمیں تعینات فوج کے پی آر او لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے ایک بیان میں کہاکہ منگل اوربدھ کی درمیانی رات تقریباً ڈیڑھ بجے ایل ائوسی کے نزدیک کچھ مشکوک نقل وحرکت کا سراغ لگانے کے بعد، ترجمان نے کہا کہ فوج کے گھات لگائے بیٹھے، انہیں چیلنج کرنے پر، فائرنگ کی گئی اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں کچھ دہشت گرد مارے گئے۔علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اوریہاں سرچ آپریشن شروع کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ کچھ جگہوں پر خون کے نشانات ملے ہیں۔ 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے قبضے سے کچھ اسلحہ، ایک آئی ای ڈی اور منشیات سمیت جنگی سامان برآمد ہوا ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل آنند نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ہونے والی فائرنگ میں ایک ہندوستانی فوج کا سپاہی زخمی ہوا اور اسے نکال لیا گیا ہے۔جبکہ زخمی دہشت گرد کو پولیس کی تحویل میں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ گلپور سیکٹر کے فارورڈ کرمارا گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب سرحد کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے مشتبہ نقل و حرکت دیکھی اور لوگوں کو للکارا جس کی وجہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔حکام نے گرفتار ملزمان کی شناخت26سالہ محمد فاروق (جس کی ٹانگ میں گولی لگی تھی)،23سالہ محمد ریاض اور22سالہ محمد زبیر ساکنان کرمارا پونچھ کے بطورہوئی ہے ۔حکام نے بتایا کہ ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اُنہیں اسلحہ اور منشیات کی کھیپ سرحد پار سے ملی تھی اور وہ اس طرف اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے جب انہیں فوجیوں نے روکا۔گرفتار افراد کے قبضے میں ایک اے کے اسالٹ رائفل، دو پستول، چھ دستی بم، ایک10 کلوگرام آئی ای ڈی جو ایک پریشر ککر کے اندر نصب کی گئی تھی اور 100 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مشتبہ ہیروئن کے 20 پیکٹ شامل ،برآمد کئے گئے۔حکام نے بتایا کہ بعد میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے ماہرین نے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں تلاشی مہم جاری تھی۔