Poonch terror attack Police released sketches of two terrorists

پونچھ دہشت گرد حملہ: پولیس نے دو دہشت گردوں کے خاکے جاری کیے

ان کا پتہ بتانے والے کے لیے 20 لاکھ روپے کا انعام،تلاشی آپریشن کو وسیع کرنے کیلئے مزید فوجی کمک طلب

سرینگر//پولیس نے دو دہشت گردوں کے خاکے جاری کر دیے ہیں۔ یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ جو بھی ان شدت پسندوںکے ٹھکانے کی اطلاع دے گا اسے 20 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ادھر حملہ آوروں کی تلاش سوموار کو بھی جاری رہی اور علاقے میں مزید فوجی کمک کوطلب کیا گیا ہے تاکہ آپریشن وسیع کیا جاسکے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں ڈویڑن کے پونچھ ضلع میں فضائیہ کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کے بعد سے تلاشی کی سخت کارروائی جاری ہے۔ پیر کو فوج نے دو دہشت گردوں کے خاکے جاری کیے۔ یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ جو بھی ان دہشت گردوں کے ٹھکانے کی اطلاع دے گا اسے 20 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ کچھ لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کی شام پونچھ ضلع کی تحصیل سورنکوٹ کے علاقے ڈنہ شاہستار میں فضائیہ کی گاڑیوں پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے میں پانچ فضائیہ کے اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں شامل وکی پہاڑے از جان ہو گئے۔حملے کے بعد سے سورنکوٹ اور مینڈھر کے 20 کلومیٹر علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ ڈرونز کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فوج، جموں و کشمیر پولیس اور ایس او جی کے ایک ہزار سے زیادہ جوانوں نے علاقے میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے۔دہشت گردوں نے فضائیہ کی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا ہے۔ شدت پسندوںکے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز جدید ہتھیاروں اور آلات کے ساتھ سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ ضلع کے داخلی راستے بھمبر گلی سے پونچھ اور جموں پونچھ قومی شاہراہ پر خصوصی چوکیاں قائم کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد کو ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد ہی آگے بھیجا جا رہا ہے۔