پولوویو سرینگر میں صحت سے متعلق جانکاری پروگرام منعقد

جے کے فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیلا گیا نکڑناٹک

سرینگر//جے اینڈ کے فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشنکی جانب سے سرینگر کے پولوویو میں صحت کے ہنگامی مسائل سے جانکاری سے متعلق ایک پر اثر نکڑناٹک کھیلا گیا جس کا مقصد عام لوگوں میں صحت سے متعلق مختلف مسائل کی جانکاری اور ان کے علاج سے متعلق پیغام پہنچانا تھا۔ پروگرام کا مقصد صحت کے ہنگامی مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور خاص کر ہارٹ اٹیک اور فالج پر توجہ مرکوز کرانا تھا۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابقجے اینڈ کے فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشن سے وابستہ با صلاحیت فنکاروں کے ذریعے پیش کردہ اسٹریٹ پلے نے اس طرح کی ہنگامی صورتحال کے دوران علامات، فوری اقدامات اور بروقت طبی مداخلت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ دلچسپ کہانی سنانے اور واضح ڈرامہ نگاری کے ذریعے نکڑناٹک نے ہارٹ اٹیک اور اسٹروک کو پہچاننے اور ان پر ردعمل کی فوری ضرورت کو موثر طریقے سے بتایا۔ماہر معالج ڈاکٹر واصل نے اس موقعہ پر مہم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہارٹ اٹیک اور فالج موت کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں اور فوری طبی امداد زندگیاں بچاسکتی ہے۔جے اینڈ کے فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشن کے چیرمین گلزار احمد بٹ نے اس موقعہ پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس نیک مقصد کے لئے پارس اسپتال کے شراکت داری پر بہت خوش ہیں اور یہ پروگرام صحت سے متعلق اس طرح کے اہم مسائل کے بارے میں بیداری پھیلانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے اور جس میں عام لوگوں کا بھرپور تعاون شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ مختلف دیہات، شہروں اور محلوں میں اس طرح کے عوامی بیداری پروگرام جاری رکھیں جائیں گے۔