پرنسپل سیکرٹری کلچر نے بارڈر بلاک لائبریری سوگام کا اِفتتاح کیا

پبلک لائبریریوں کو متحرک سماجی اِداروں کے طور پر اَز سر نو تشکیل دینے پر محکمہ لائبریریز کو مُبارک باد

سوگام( کپواڑہ)//جموں و کشمیر کے لائبریری ڈیپارٹمنٹ نے جموںوکشمیر یوٹی میں فائدہ مند پبلک لائبریری سہولیات کی رسائی کو بڑھانے اور وسیع کرنے کے لئے ایک جامع ایکشن پلان شروع کیا ہے تاکہ قارئین بِالخصوص دُور دراز علاقوں میں ، علم کے معیاری ذرائع تک رَسائی حاصل کرسکیں ۔ اِن باتوں کا اِظہارپرنسپل سیکرٹری سریش کمار گپتا نے کل شام ضلع کپواڑہ کے علاقے سوگام میں تجدید شدہ بارڈر بلاک لائبریری کے اِفتتاح کے بعد ایک اِجتماع سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔اِس موقعہ پرممبر ڈِی ڈِی سی کپواڑہ ناصر نذیر لون، ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ، جموں و کشمیرمحمد رفیع، ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر ہندواڑہ عزیز احمد،ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر کپواڑہ محمد رؤف رحمان، ایس ڈی ایم لولاب جاوید نسیم مسعودی اور ضلعی اِنتظامیہ اور لائبریریز ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا ،’’ پورے جموں و کشمیر میں پبلک لائبریری کی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پرمحکمہ لائبریریوں نے سرحدی علاقوں سمیت جموں وکشمیر یوٹی کے مختلف حصوں میں لائبریری کی عمارتوں کی تعمیر ، توسیع اور تزئین و آرائش کا آغاز کیا ہے تاکہ ان دُور دراز علاقوں میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر معیاری سیکھنے کے وسائل دستیاب ہوسکیں۔‘‘اُنہوں نے پبلک لائبریریوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر محکمہ لائبریریز اینڈ ریسرچ اور ضلعی اِنتظامیہ کی سراہنا کی۔پرنسپل سیکرٹری نے مختلف اختراعی اور تکنیکی مداخلتوں کے ذریعے جموں و کشمیر میں عوامی لائبریریوں کو دوبارہ ترتیب دینے اور ان کی تجدید کے لئے محکمہ لائبریریوں اور تحقیق کی طرف سے گزشتہ تین سالوں کے دوران کی گئی مسلسل کوششوں کی ستائش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ خوش آئندہے کہ محکمہ لائبریریز نے حال ہی میں یو ٹی میں لائبریریوں کو ایک تازگی بخش شکل دینے اور انہیں معاشرے کے مختلف طبقوں کے لوگوں کے لئے اَدبی مقامات بنانے کے لئے کچھ اہم اَقدامات متعارف کئے ہیں۔لائبریریوں میں تکنیکی مداخلتیں جن میں آٹومیشن، اِی۔ کیٹلاگ اور اِی ۔سرکولیشن شامل ہیں تاکہ انہیں مزید صارف دوست بنایا جا سکے۔اُنہوںنے وسائل کی کمی کے باوجود پبلک لائبریریوں کے ادارے کی بحالی کے لئے محکمہ لائبریریز اینڈ ریسرچ کی کاوشوں کو سراہا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ محمد رفیع نے نوجوانوں کو کیریئر گائیڈنس اور معلوماتی خدمات کی پیشکش کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں پبلک لائبریریوں کے کردار کو ازسرنو تشکیل دینے کے لئے محکمہ کی جانب سے گزشتہ تین برسوں کے دوران کئے گئے مختلف اَقدامات کا ذکر کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ ہم نے عوامی لائبریریوں میں مطلوبہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے بالخصوص نوجوانوں کی ضروریات سے متعلق اِی۔وسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک پروگرام شروع کیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِبتدائی طور پر معیاری حوالہ جاتی مواد اور معروف جرائد اور رسالے مختلف عوامی لائبریریوں میں فراہم کئے گئے ہیں تاکہ طلبأ کو مختلف مسابقتی اِمتحانات کی تیاری میں مدد مل سکے۔ اِس اَقدام کے نتیجے میں عوامی لائبریریوں میں آنے والوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ آج ہماری زیادہ تر لائبریریوں کے ریڈنگ ہال پورے دن بھرے رہتے ہیں کیوں کہ طلبأکی ایک بڑی تعداد باقاعدگی سے مختلف مسابقتی اِمتحانات کے لئے دستیاب مفت سیکھنے کے وسائل سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اِن لائبریریوں کا دورہ کرتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس اہم سماجی شعبے میں بالخصوص بنیادی ڈھانچے کے محاذ پر مزید بہتری کی بہت گنجائش ہے کیوں کہ جموں و کشمیر میں زیادہ تر لائبریریاں بنیادی سہولیات جیسے فرنیچراور فرنشننگ ، پینے کے پانی ، خواتین کے لئے علاحدہ بیت الخلأاور مطلوبہ آئی ٹی اِنفراسٹرکچر سے محروم ہیں۔ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ نے ضلع کپواڑہ میں لائبریری کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لینے پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان کا شکریہ اَدا کیا۔تقریب سے ممبر ڈِی ڈِی سی کپواڑہ ناصر نذیر لون اور ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر کپواڑہ محمد رؤف رحمان نے بھی اِجتماع سے خطاب کیا۔