Principal Secretary School Eduction

پرنسپل سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے سٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ڈویژن جموں کا دورہ کیا

جموں//اسکولی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری بی کے سنگھ نے ایس سی ای آر ٹی جموں و کشمیر کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایس سی ای آر ٹی ڈویژنل دفتر جموں کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ دیپ راج اسٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگرہ سکھشا ، مدن گوپال شرما جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ کے دیگر افسران بھی تھے ۔ ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی جے اینڈ کے پروفیسر وینا پنڈتا نے پرنسپل سیکرٹری کا خیر مقدم کیا اور ایس سی ای آر ٹی جے اینڈ کے کے ڈھانچے ، مینڈیٹ اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ایس سی ای آر ٹی ڈویژنل دفتر جموں کے کانفرنس ہال میں پرنسپل سیکرٹری نے ایس سی ای آر ٹی کے سہولت کاروں کے ساتھ بات چیت کی اور اپنے تجربات ، مہارت اور تجاویز شئیر کیں تا کہ ایس سی ای آر ٹی کو ایک خود مختار ادارے کے طور پر قائم کرنے کے اصل مقصد کو پورا کیا جا سکے ۔ بات چیت کے دوران انہوں نے مواد کی افزودگی کے تربیتی پروگراموں پر توجہ مرکوز کی جس کے نتیجے میں زمینی سطح پر اساتذہ کی قابلیت میں اضافہ ہو گا ۔ چونکہ ایس سی ای آر ٹی کو تربیتی پروگرام اور تحقیق کرنے کا مینڈیٹ حاصل ہے ، اس لئے ایس سی ای آر ٹی کے پاس اس قسم کے تربیتی پروگراموں کی تشکیل اور انعقاد کی بنیادی ذمہ داری ہے جو اساتذہ کے حصولی خلاء کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ ایس سی ای آر ٹی کے سہولت کاروں کو تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے دوران اساتذہ کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ جوائینٹ ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی ڈویژنل دفتر جموں سریندر کمار نے بی کے سنگھ کا ایس سی ای آر ٹی کا دورہ کرنے اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ اپنے تجربات شئیر کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔