بہارسے تعلق رکھنے والے2 مزدورزخمی ،پولیس نے کی تحقیقات شروع
سری نگر //جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ٹہاب علاقے میں بدھ کو ایک پراسرار دھماکے میں2 غیر مقامی مزدور زخمی ہوگئے۔جے کے این ایس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ ضلع کے ٹہاب علاقے میں ایک ندی کے کنارے دیوار کی تعمیر کے کام کے دوران گولہ پھٹ گیا۔ذرائع نے بتایا کہ2 غیر مقامی مزدور اس وقت زخمی ہوئے جب وہ تعمیراتی سامان کو مکسر میں ڈال رہے تھے اور تعمیراتی میٹریل سے پراسرار دھماکہ ہوا۔ذرائع نے2غیر مقامی زخمی مزدوروں کی شناخت محمد اشتیاق ولد محمد کریم الدین اور رنجیت کمار رام ولد مہندر رام ساکنان بہارکے طور پر کی ،جنہیں پرائمری ہیلتھ سینٹر ٹہاب منتقل کیا گیا ۔تاہم ڈاکٹروںنے دونوں زخمی کویہاں سے خصوصی علاج کے لئے برزلہ سری نگر ریفر کیا ۔اُدھر پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔










