ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی

ضلع کولگام/قاضی گنڈ میں رواں تین ماہ میں اب تک 54 لاکھ سے زائد جرمانہ وصول

سرینگر//ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں جنوبی ضلع کولگام میں محکمہ ٹریفک نے سال 2024کے پہلے تین ماہ میں قصورواروں سے 54 لاکھ سے زائد رقم بطور جرمانہ وصول کرلی ہے اور دو درجن سے زیادہ گاڑیاں ضبط کیں ہیں’ جبکہ اس مدت میں 3 ہزار سے 5 سو سے زائد چالا ن کئے گئے ہیں۔ اس دوران محکمہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ نابالغ بچوں کو گاڑیاں اور موٹر سائکل ، سکوٹی چلانے کی اجازت نہ دیں کیوں کہ چھوٹے عمر کے بچوں سے ہی سڑک کے زیادہ حادثات رونماہورہے ہیں۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی ضلع کولگام / قاضی گنڈ میں سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے محکمہ ٹریفک کی جانب سے اقدامات ا ٹھائے جارہے ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی انجام دی جارہی ہے۔ اس دوران محکمہ ٹریفک کولگام نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے قصورواروں سے رواں برس اب تک 54 لاکھ سے زائد بطور جرمانہ وصول کئے ہیں۔ اس ضمن میں وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک سیکٹر کولگام/ قاضی گنڈ محمد اسلم اور ڈی ٹی آئی کولگام/قاضی گنڈ بلال احمد بٹ نے بتایاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں رواں برس قصورواروں کے خلاف اب تک 54 لاکھ سے زائد جرمانہ وصول کیاگیا جبکہ اس دوران 3 ہزار 5 سو سے زائد چالان بھی کئے گئے ہیں۔ جبکہ اس مدت میں 2 درجن سے زائد گاڈیاں بھی ضبط کی گیں۔ انہوںنے بتایا کہ ٹرک ڈرائیوروں، گاڑی مالکان،سکوٹی ،موٹر سائکل سواروں کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے اور ٹریفک قوانین پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف آئندہ بھی اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اس دوران انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ نابالغ بچوں کو گاڑیاں اور موٹر سائکل و سکوٹی چلانے کی اجازت نہ دیں کیوں کہ ان کیوجہ سے سڑک حادثات کا گراف بڑھ چکا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ایسے بچے ایک تو اپنی زندگی خطرے میں ڈال دیتے ہیں دوسرا ان سے دوسرے لوگوں کی زندگی بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔