وزیر اعلیٰ نے کشمیر گورنمنٹ پولی ٹیکنک میں کئی ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا

وزیر اعلیٰ نے کشمیر گورنمنٹ پولی ٹیکنک میں کئی ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا

کشتواڑ ، رام بن ، کلگام اور کپواڑہ کے گورنمنٹ پولی ٹیکنکس میں 4.20 کروڑ روپے کے انفراسٹرکچر کے اپ گریڈز کا بھی ای افتتاح کیا

سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے کشمیر گورنمنٹ پولی ٹیکنک سرینگر میں ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا اور کشتواڑ ، رام بن ، کلگام اور کپواڑہ کے گورنمنٹ پولی ٹیکنکس میں 4.20 کروڑ روپے کے انفراسٹرکچر کے اپ گریڈز کا ای افتتاح بھی کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مہارت کی ترقی اور پیشہ وارانہ تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی اپیل کی اور زور دیا کہ مستقبل کے ملازمت کے بازار کیلئے نوجوانوں کو تیار کرنا باضابطہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہونا چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ ہم ہر ایک کو سرکاری نوکری نہیں دے سکتے ۔ اگر ہمیں اپنے بچوں کو مستقبل کیلئے تیار کرنا ہے تو ہمیں انہیں ملازمت کے بازار میں،چاہے جموں و کشمیر میں ہو ، ملک کے دوسرے حصوں میں ہو یا بیرونِ ملک ، مقابلہ کرنے کیلئے مہارتیں دینی ہوں گی ۔ انہوں نے زور دیا کہ مہارت کی ترقی کے پروگراموں کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات اور سیاحت ، زراعت ، باغبانی ، مینو فیکچرنگ ، تعمیرات ، صحت کی دیکھ بھال اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں پیدا ہونے والے روز گار کے مواقع کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ نے آئی ٹی آئیز اور پولی ٹیکنکس میں کورسز اور تربیتی پروگراموں کے باقاعدہ جائیزے کا مطالبہ کیا تا کہ پرانی مہارتوں اور آلات کی جگہ عصری صنعتی ضروریات کے مطابق تربیت دے جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو دی جانے والی توجہ کی سطح کو آئی ٹی آئی اور پولی ٹیکنکس کے ہنر مندی ترقی کے نیٹ ورک تک بھی بڑھایا جانا چاہئیے جس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری ، تربیتی معیار اور جدید آلات شامل ہیں ۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں بڑے منصوبوں سے ابھرنے والے روز گار کے امکانات کو اجاگر کیا اور کہا کہ ہنر مندی ترقی کے ماحولیاتی نظام کو آنے والی سرمایہ کاری اور صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا جانا چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ حکومت اگلے تین برسوں میں ہنر مندی ترقی کے اداروں کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے اور ان کے بنیادی ڈھانچے اور معیار کو بہتر بنانے کیلئے کام کرے گی ۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ جموں و کشمیر میں آنے والی صنعتوں اور منصوبوں میں مقامی نوجوانوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روز گار کے مواقع یقینی بنائیں جائیں اور کمپنیوں کو ترغیب دی جائے کہ وہ باہر سے ہنر مند افرادی قوت کی تلاش کرنے سے پہلے تربیت یافتہ مقامی نوجوانوں کو ملازمت دیں ۔ انہوں نے بیرون ملک تقرری حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی اعزاز سے نوازا اور تکنیکی تعلیم کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کیلئے بامعنی روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے حکومت کے عزم کی نشاندہی کی ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے لال چوک شیخ احسان احمد ، ایم ایل اے کرناہ جاوید احمد مرچال ، سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ، پرنسپل کشمیر گورنمنٹ پولی ٹیکنک سرینگر ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ بھی موجود تھے ۔