سرینگر //وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت دیگر مرکزی وزیر آئندہ دنوں میں جموں کشمیر کا دورہ کرکے بھاری عوامی ریلیوں سے خطاب کرنے کے علاوہ کچھ اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کریں گے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق سال 2024میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل جموں کشمیر میں بی جے پی کی ساخت بڑھانے اور عوامی رابطہ مہم کو فروغ دینے کی کوششوں کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ ، راجناتھ سنگھ اور دیگر کچھ مرکزی وزراء آئندہ کچھ دنوں کے دوران جموں کشمیر کے دورے پر وار د ہو ہے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم مودی اونتی پورہ میں ایمز او پی ڈی کا افتتاح کریں گے جبکہ ایس جے شنکر، نتن گڈکری، راج ناتھ سنگھ سمیت کئی اعلیٰ وزراء بھی جموں و کشمیر میں ریلیاں کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔بی جے پی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اننت ناگ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کریں گے، جہاں 2 لاکھ سے زیادہ لوگوں کے اجتماع میں شرکت کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ جلسوں سے خطاب کریں گے تاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کی مہم کو فروغ دیا جا سکے جو اگلے سال اپریل مئی میں ہونے والے ہیں۔ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم مودی جموں و کشمیر کے دورے کے دوران اونتی پورہ میں ایمز کے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔معلوم ہوا ہے کہ امیت شاہ اس مہم کے پروگرام کے ایک حصے کے طور پر اوڑی ، کرناہ اور پونچھ میں زبردست ریلیوں سے خطاب کریں گے، وزیر خارجہ ایس جے شنکر سرینگر میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح سے یہ بھی کہا کہ سڑکوں اور شاہراہوں اور ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کے راجوری، پونچھ، شوپیاں، کولگام اور پلوامہ اضلاع میں زبردست ریلیوں سے خطاب کرنے کی توقع ہے، جب کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے گریز اور شمالی کشمیر کے دیگر علاقوں میں ریلیاں کرنے کی توقع ہے۔ .ادھر بی جے پی کے جموں کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آنے والے دنوں میں وزیر اعظم مودی، امیت شاہ اور دیگر اعلیٰ وزراء جموں کشمیر کا دورہ کرکے یہاں بڑی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔










