جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کے’سکس سیزنز ۔ شِشر (شدید سردی)‘میگزین کے جنوری تا مارچ 2026 کے شمارے کی رسم رونمائی اَنجام دِی۔یہ شمارہ، جو’شِشر‘کے موضوع پر مبنی ہے، جموں و کشمیر کی سردیوں کی عکاسی کرتا ہے اور اس عرصے کے دوران کئے گئے مختلف سیاحتی اَقدامات کو اُجاگر کرتا ہے۔ میگزین کو ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر نے مرتب کیا ہے۔تقریب میں وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت آشیش چندر ورما، ڈائریکٹر اطلاعات شریا سنگھل، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سیّد قمر سجاد اور ڈائریکٹر ٹوراِزم جموں وِکاس گپتا کے علاوہ دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔میگزین میں اہم سیاحتی مقامات پر منتخب مضامین، محکمہ کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی تقریبات کی کوریج، سیاحت، تجارت اور مہمان نوازی سے متعلق اِداروں کے سالانہ کنونشن، بڑے ٹریول مارٹس میں شرکت اور وزیر اعلیٰ کی قیادت میں کئے گئے عوامی رَسائی پروگرام شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس اقدام کی سراہنا کی اور کہا کہ اس نوعیت کی اشاعتیں جموں و کشمیر کی وسیع سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کرنے اور عالمی سطح پر اس کی رَسائی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔










