heat

وادی کشمیر میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ

جموں میں پارہ 40ڈگری سے تجاوز کرگیا، سڑکوں نے آگ اُگلنی شروع کی

سرینگر///وادی میں جمعہ کی صبح سے ہی مطلع صاف رہا اور دن بھر دھوپ نکلنے سے دن کے درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے کو ملا جبکہ جموں میں پارہ 40ڈگری سے تجاوز کرگیا جس کے نتیجے میں جموں ڈویژن میں سڑکیں جہنم کی آگ اُلگ رہی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر میں موسم گرما نے اپنا سخت رُخ دکھانا شروع کر دیا ہے۔ جمعرات کوسرینگر سمیت وادی کے متعدد علاقوں میں دن بھر مطلع ابرآلود رہا اور کہیں کہیں پر ہلکی بوندا باندی ہوئی تاہم جمعہ صبح سے ہی مطلع صاف رہا اور دن بھر دھوپ کھلنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔ جبکہ جموں میں دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔ جموں میں جمعرات کو سیزن کا اب تک کا گرم ترین دن رہا۔جب درجہ حرارت 40.2ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر کے کچھ حصے 18 سے 19 مئی تک عام طور پر ابر آلود رہیں گے۔ دوپہر کے بعد چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ 20 سے 25 مئی تک موسم عام طور پر صاف رہنے کی توقع ہے۔ 25 مئی تک موسم کی کوئی خاص سرگرمی متوقع نہیں ہے۔ادھر ریاست کے بیشتر حصوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 6 ڈگری زیادہ ہے۔ جموں میں صاف موسم کے ساتھ دن کا آغاز ہوا۔ دوپہر میں چلچلاتی گرمی سے ہر کوئی پریشان تھا۔ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے جس کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ کئی مقامات پر ٹرانسفارمر جلنے کی اطلاعات ہیں۔شدید گرمی میں شہر کی بیشتر سڑکیں دن کے وقت سنسان ہو گئیں۔ لوگ اب زیادہ تر شام کو ضروری خریداری کے لیے نکل رہے ہیں۔ جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 1.9 ڈگری بڑھ کر 40.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو اس سیزن کا اب تک کا گرم ترین دن تھا۔ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 24.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم، ریاست کے بیشتر حصوں میں رات کو ٹھنڈا رہتا ہے۔