سری نگرمیں پارہ 30، جموں شہر میں 44ڈگری کوچھو گیا
سری نگر،رام بن//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق کشمیر وادی اورجموں صوبے میں مسلسل دوسرے دن بھی گرمی کی شدت برقرار رہی۔سری نگرمیں درجہ حرارت بعددوپہر31ڈگری سینٹی گریڈ کوچھوگیاجبکہ جموں شہر میں درجہ حرارت 44ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔خیال رہے 2برس قبل 26 مئی2020کوسری نگرمیں دن کاپارہ31.7ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیاتھا،اوریہ کشمیر میں ماہ مئی کاگرم ترین دن ماناجاتاہے ۔اس دوران جمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات ماسواے گلمرگ ،پہلگام وسونہ مرگ پورے جموں وکشمیرمیں رات کادرجہ حرارت معمول سے کئی کئی سینٹی گریڈ زیادہ درج ہوا۔محکمہ موسمیات نے پیر سے گرمی کی شدت میں کمی کاامکان ظاہر کرتے ہوئے پھرکہاکہ 16سے18مئی تک جموں وکشمیر میں کہیں کہیں ہلکی ،کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ تیز بارشیں اورکچھ علاقوںمیں تیز ہوائیں چلنے کے بیچ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے13،14اور15مئی کوگرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ کے بعدسنیچر کوبھی جموں وکشمیرمیں دن کے وقت گرمی کی شدت برقراررہی ۔سینچر کودن کے12بجے سے ہی شہرسرینگر اورجموں شہر سمیت سبھی علاقوںمیں درجہ حرارت بڑھنے لگا۔دن کے 12بجے سری نگراورجموں شہرمیں درجہ حرارت بالترتیب27اور39ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔بعدازاں دوپہر2بجے جموں وکشمیر کے ان دونوں شہروںمیں سورج آگ اُگل رہاتھا،اوردرجہ حرارت بالترتیب 29اور42ڈگری تک پہنچ گیا۔دوپہر 2بجے سے سہ پہر4بجے تک جموں وکشمیرمیں گرمی کی شدت مزید بڑھ گئی ۔سری نگرمیں درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ کوعبورکرگیا جبکہ جموں شہر میں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیاجبکہ کشمیر کے سرحدی علاقہ اوڑی میں سنیچر کوسہ پہرساڑھے3بجے درجہ حرارت33ڈگری سینٹی گریڈ تھا،اوریوں اوڑی کشمیرمیں گرم ترین مقام رہا۔۔اس دوران جمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات ماسواے گلمرگ ،پہلگام وسونہ مرگ پورے جموں وکشمیرمیں رات کادرجہ حرارت معمول سے کئی کئی سینٹی گریڈ زیادہ درج ہوا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سری نگر میں جمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات درجہ حرارت14.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جوکہ معمول سے 3.6ڈگری سینٹی گریڈزیادہ تھا۔قاضی گنڈ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جومعمول سے1.6ڈگری زیادہ تھا۔سیاحتی مقام پہلگام میںجمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات درجہ حرارت5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو معمول سے0.7ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔کوکرناگ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت12.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ میںجمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات درجہ حرارت 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے کئی ڈگری زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں جمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات درجہ حرارت معمول سے3.5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میںجمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات درجہ حرارت10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو معمول سے0.8ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات نے جموں صوبے میں شبانہ درجہ حرارت کے حوالے سے جانکاری فراہم کی کہ جموں شہرمیں جمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات درجہ حرارت 23.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے 0.2ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ بانہال میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 14.2 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں17.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔










