عوامی مسائل کوحل اورژالہ باری سے متاثرہ کسانوں وباغ مالکان کومعاوضہ دیاجائے :ارشادرسول کار
سری نگر//نیشنل کانفرنس بلاک کمیٹی سوپورکی ایک میٹنگ سنیچروار منعقد ہوئی ،جس میں پارٹی کے لیڈر اورکانسچیونسی انچارج سوپور ارشاد رسول کار کے علاوہ پارٹی کے سینئر ذمہ داروں غلام حسن گوجری ،غلام نبی واندرو،ایڈوکیٹ حبیب اللہ گوجری ،عبدالستار گورجری،صدر میونسپل کونسل سوپور مسرت رسول کار،نائب صدر کونسل محمدیوسف رادو،علی محمد کنہ ،حاجی محمداکبر گنائی ،وارڈ انچارجوں ،یوتھ کمیٹی صدرطارق احمد کنجوال ،تنظیمی عہدیداروں اور دیگر ذمہ داروںنے شرکت کی ۔میٹنگ میں تنظیمی امورات کے ساتھ ساتھ عوام کودرپیش مسائل،سوپور قصبہ ونواحی علاقوں میں تعمیروترقی کی سست رفتاری،مختلف محکموںکی کارکردگی اوردیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔جے کے این ایس کوموصولہ بیان کے مطابق میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد رسول کار نے خدشہ ظاہر کیا کہ سوپورمیں تعمیروترقی کیلئے مختص ومنظورفنڈس کواستعمال نہ کرنااس تاریخی قصبہ کیساتھ ایک سوچاسمجھا کھلواڑ ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ افسوسناک اورتشویشاک بات ہے کہ سوپورمیں مختلف ترقیاتی وتعمیراتی نیز فلاحی پروجیکٹوں اوراسکیموں کیلئے مختص فنڈس لیپس ہوگئے ،جو متعلقہ محکموںکے افسروں اورانجینئروں کی عدم توجہی اورناقص کاکرکردگی کاایک ثبوت ہے ۔ارشاد رسول کار کاکہناتھاکہ جن افسروں اورانجینئروں کی موجودگی میں فنڈس لیپس ہوگئے ،اُن کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ،جو حیران کن ہے ۔انہوںنے کہاکہ سوپور اوراسکے نواحی علاقوںمیں کئی پروجیکٹ صرف اس بناء پرلٹکے ہوئے ہیں ،کیونکہ ان کیلئے درکار فنڈس کوواگزار نہیں کیاگیا۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر نے کہاکہ سوپور اوراسکے نواحی علاقوںمیں ترقیاتی عمل کاواضح فقدان پایاجاتاہے اوراس وجہ سے یہاں کے لاکھوں لوگ کئی بنیادی سہولیات سے آج بھی محروم ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بجلی وپانی کی عدم فراہمی ،رابطہ سڑکوںکی زبوں حالی،راشن کی عدم دستیابی وکٹوتی اور پھرا س پر بازاروںمیں مہنگائی نے عام اورغریب آدمی کی حالت مزید خراب کردی ہے ۔میٹنگ میں دیگر مقررین نے بھی عوامی مسائل ومشکلات کے تئیں حکام کی عدم توجہی پرسخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس عوام کے مسائل ومشکلات نیز جائز مطالبات کو اُجاگر کرنے کے اپنے فرض سے کبھی کوتاہی نہیں کرے گی ۔اس موقعہ پر ارشادرسول کارنے میٹنگ کے شرکاء سے کہاکہ وہ تنظیم کو مضبوط اورفعال بنانے کیلئے عوام سے قریبی رابطہ اورتال میل رکھیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ترقیاتی وتعمیراتی کاموں کیلئے مختص کئے گئے فنڈس کو استعمال نہ کرنے والے سرکاری افسروں اورانجینئروں کو جواب دہ بنایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ سوپورمیں کئی کئی سالوں سے زیرالتواء اورزیرتکمیل تعمیراتی وترقیاتی کاموں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی جانب فوری توجہ دی جائے ۔ارشاد رسول کارنے یہ مطالبہ بھی کیاکہ ژالہ باری اورموسلا دار بارشوں سے فصلوں اور پھلوںکو پہنچے بھاری نقصانات کافوری معاوضہ متعلقہ زمینداروں اور باغ مالکان کو دیاجائے ۔










