راجوری//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج ڈاک بنگلہ نوشہرہ میں جموں و کشمیر بلڈنگ اینڈ اَدر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ (جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی) کی سکیموں کے تحت ایک بیداری اور مالی اِمداد کی تقسیم کے کیمپ کا اِفتتاح کیا۔یہ کیمپ محکمہ لیبر راجوری کی طرف سے منعقد کیا گیااور اِس کیمپ میں نائب وزیرا علیٰ نے 263 مستفیدین میں تعلیم کے لئے مالی اِمداد کی مد میں 12,76,000 روپے تقسیم کئے۔ اِس موقعہ پر رجسٹرڈ تعمیراتی کارکنوں میں لیبر کارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔کیمپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پرتیم لال تھاپا، اسسٹنٹ لیبر کمشنر راجوری پردیوت گپتا، نوشہرہ حلقہ سے بڑی تعداد میں لوگ اوراِستفادہ کنندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے محکمہ لیبرکے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کی سکیموں کے تحت زیادہ سے زیادہ اِستفادہ کنندگان کا احاطہ یقینی بنائیں۔سریندر کمار چودھری نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جذبے اور لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعمیراتی مزدور اِمدادی سکیموں سے مستفید ہو سکیں جن میں وفات پر اِمداد، دائمی بیماری کی اِمداد، مستقل معذوری کی اِمداد، زچگی کے فوائد، شادی کی اِمداد اور مزدوروں کے بچوں کے لئے وظیفہ سکیم شامل ہیں۔اِس موقعہ پر اسسٹنٹ لیبر کمشنر راجوری نے شرکأ کو محکمہ لیبر کی پیش رفت اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ محکمہ مختلف فلاحی سکیمیں چلا رہا ہے جن میں جے کے بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی سکیمیں بھی شامل ہیں۔ اُنہوں نے مزدوروں کی رجسٹریشن اور مطلوبہ دستاویزات کے عمل پر بھی روشنی ڈالی۔










