dooran

مینڈھر پونچھ میں نیشنل کانفرنس کی ریلی کے دوران چاقو کا وار

تین افراد زخمی ، ایک کی حالت نازک ، لوگوں کا احتجاج ، واقعہ کی تحقیقات کا کیا مطالبہ

سرینگر / // پونچھ کے مینڈ ھر علاقے میں نیشنل کانفرنس کی ریلی کے دوران دو گروپوں میں آپسی تصادم میں چاقو زنی کے واقعہ میں تین افراد زخمی ہو گئے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کے پونچھ مینڈھر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کی ریلی میںا س وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ریلی کے دوران چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا جس میں تین افراد زخمی ہو گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ریلی کے موقع پر دو گروپوں کے درمیان کچھ جھڑپ ہوئی اور چاقو سے حملے کا واقعہ پیش آیا جس میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔انہوں نے بتایا کہ تینوں زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں مزید علاج کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا۔ایک سنیئر ڈاکٹر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس کی شناخت سہیل احمد ولد محمد بشیر ساکن قصاب مینڈھر کے طور پر کی گئی ہے۔دیگر دو زخمیوں کی شناخت یاسر احمد ولد محمد شبیر سکنہ گلٹھا ہرنی اور عمران احمد کے نام سے ہوئی ہے جو کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہسپتال سے فرار ہو گئے۔پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تاہم پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے ہیں۔ادھر واقعہ کے بعد لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملوثین کی گرفتار ی کا مطالبہ کیا ہے ۔