سری نگر//موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ جلد ہی پولیوشن اَنڈر کنٹرول سر ٹیفکیٹ کو واہن پورٹل کے ساتھ منسلک کرے گا۔ اِس بات کا اِنکشاف ٹرانسپورٹ کمشنر بھوپندر کمار نے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے آر ٹی اوز ، اے آر ٹی اوز کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر وسائل کو متحرک کریں تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ان کے دائرہ اِختیار میں پولیوشن کی جانچ کرنے والے تمام مراکز کو آن لائن بنایا جائے او رانہیں واہن پورٹل کے ساتھ مربوط کیا جائے ۔این آئی سی سے کہا گیا ہے کہ اِس سلسلے میںجہاں بھی تکنیکی مدد کی ضرورت ہو فوری طور فراہم کرے تاکہ پی یو سی کو واہن کے ساتھ مربوط کرنے کو 15؍ اگست 2022ء تک یقینی بنایا جائے۔موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کی آن لائن خدمات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا او ران خدمات کے بارے میں مزید بیداری پیدا کرنے پر زور دیا گیا تاکہ عوام الناس کو بغیر کسی پریشانی کے خدمات حاصل کرنے کے لئے بااِختیار بنایا جاسکے۔ اِس تناظر میں اِس بات پر زور دیا گیا کہ ہرضلع صدر مقامات میں ڈیجیٹل ہفتہ2022ء منانا عام لوگوں میںبیداری لانے کی طرف ایک بہتر ین قدم ہے۔تمام آر ٹی اوز او راے آر ٹی اوز سے کہا گیا کہ بیداری مہم جاری رکھ کرلوگوں کو آن لائن خدمات حاصل کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیے تاکہ دفاتر میں لوگوں کی آمد و رفت کو کم کیا جاسکے ۔ مزید برآں فیس کے بغیر خدمات کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔ ٹرانسپورٹ کمشنر نے میٹنگ میں موجود اَفسران سے کہاکہ ہر گاڑی پر ایچ ایس آر پی لگانے کی مہم جاری رکھی جائے اور نادہندگان کے ساتھ کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔دورانِ میٹنگ روڈ ایکسیڈنٹ وِکٹم فنڈ کے کام کاج پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور بتایا گیا کہ سڑک حادثات کے متاثرین کنبوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے پاس وافر فنڈس موجود ہیں اور ضلع وار جائزہ لیا گیا۔ آر ٹی او ، اے آر ٹی اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ حادثے کے شکار کنبوں کو فوری طور پر اِمدادی رقم کی فوری تقسیم کو یقینی بنائیں اور اگر فنڈس کی ضرورت ہے تو فوری طور پر بتائی جائے۔اِسی طرح اِنٹگریٹیڈ ایکسیڈنٹ ڈیٹا ( آئی ۔ آر اے ڈی ) کے کام کاج پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور یہ فیصلہ لیا گیا کہ پولیس حکام کی جانب سے تصدیق کے لئے پیش کی گئی رِپورٹ کو متعلقہ آر ٹی اوز اور اے آر ٹی اوز کے ذریعے چوبیس گھنٹے کے اَندر رِپورٹ کیا جائے تاکہ ہر سڑ ک حادثے کا جامع تجزیہ کیا جاسکے ۔میٹنگ میں ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر ، ایڈیشنل سیکرٹری ، روڈ سیفٹی کونسل ، آر ٹی او جموں ، آر ٹی او کشمیر ، سائنٹسٹ ’’ ایف ‘‘ این آئی سی اور تمام اے آر ٹی اوز نے شرکت کی۔










