Nayeem Ul Haq

موسم کامزاج:دن کو اچھی دُھوپ ،دوپہر مطلع ابرآلود،شام کوکہیں کہیں بارش

12جون تک کسان صبح سویرے کھیتی باڈی کے کام شروع کریں:محکمہ موسمیات

سری نگر//حالیہ کچھ دنوںکی طرح ہی ہفتہ کو بھی دن بھرموسم خشک رہنے اوردھوپ چھائے رہنے کے بعد سہ پہر اورشام کے وقت موسم نے کروٹ بدلی ۔دمہال ہانجی پورہ سمیت ضلع کولگام کے کئی علاقوںمیں ژالہ باری اور بارش ہوئی جبکہ پلوامہ اورشوپیان میں ہلکی اورتیز بارش ہوئی جبکہ سری نگرسمیت وسطی کشمیراور شمالی کشمیرمیں سہ پہر کے وقت آسمان پر بادلوں کا جمائو گہرا ہونے کیساتھ ہی بارشوں کے آثار نمایاں ہونے لگے ،تاہم ابھی تک موسم خشک تھا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق جمعہ کی طرح ہی ہفتہ کو صبح سے ہی سری نگرسمیت کشمیر وادی کے بیشتر علاقوںمیں دھوپ چھائی رہی ،تاہم شوپیان،کولگام اور پلوامہ اضلاع میں دوپہر کے وقت سے ہی دھوپ چھائوںکاکھیل شروع ہوگیا۔شوپیان میں بونداباندی ہوئی جبکہ پلوامہ میں بعددوپہر بارش شروع ہوگئی ۔اُدھر ضلع کولگام کے دمہال ہانجی پورہ سمیت کئی علاقوںمیں سہ پہر ساڑھے4بجے مطلع ابروآلودہونے کے بعد ہلکی بارش شروع ہوئی اورساتھ ہی ژالہ باری کاسلسلہ بھی شروع ہوگیا ۔اورژالہ باری کچھ منٹوں تک جاری رہی ۔دمہال ہانجی پورہ اوردیگرمتاثرہ علاقوں کے لوگوںنے بتایاکہ ژالہ باری کی وجہ سے یہاں حال ہی بوئی گئی دھان کی فصل ،سبزیوں ،سیب اوردیگر میوہ جات کو کافی نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات نے ہفتہ کی صبح جاری ایڈوائزری میں کہاتھاکہ آج یعنی ہفتہ کوموسم بنیادی طور پرصاف رہنے کے باوجود سہ پہراور شام کے وقت کچھ جگہوں پر مختصر وقت کیلئے بجلی چمکنے ،گرج چمک کیساتھ بارش اورکچھ مقامات پرژالہ باری ہونے کے امکانات ہیں ۔متعلقہ محکمے نے ساتھ ہی کہاکہ 4سے12جون تک موسم بنیادی طورپرخشک رہے گا ،اور دھوپ نکلنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔تاہم کچھ مقامات پر بعددوپہر ہلکی بارش کے امکانات کو مستردنہیں کیا جاسکتا ہے ۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آج سے12 تاریخ تک کھیتی باڈی کے تمام کاموں کو صبح سویرے شروع کریں کیونکہ بارش کسی بھی وقت شام کو ہو سکتی ہے۔