Nayeem Ul Haq

موسم خشک رہنے کے بعد کشمیروادی اور جموں خطے میں دن اوررات کے درجہ حرارت میں اضافہ

23سے25مئی تک گرج چمک کیساتھ بارشوںاورژالہ باری نیز ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان

سری نگر//حالیہ کچھ دنوں سے موسم خشک رہنے کے بعد کشمیر اور جموں خطے میں دن اوررات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔اتوار کو سری نگراوراسکے مضافاتی علاقوںمیں دن کازیادہ سے زیادہ درجہ تقریباً30ڈگری سینٹی گریڈ اور جموں شہر نیز اسکے نزدیکی علاقوںمیں تپتی دھوپ کے بیچ دن کاپارہ40ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔اس دوران ہفتہ اور اتوار کے درمیانی رات کشمیروادی میں مجموعی طور پر شبانہ درجہ حرارت معمول پرآنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز پھرکہاکہ 23سے25مئی تک کشمیر وادی اور جموں خطے کے کچھ بالائی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارشوںاورژالہ باری کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔انہوںنے کہاکہ 22مئی کوبنیادی طور پرموسم خشک اورخوشگوار رہنے کی توقع ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے یوٹیوب چینل پرموسمیاتی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر میں 23 مئی کو 30سے40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے لئے’اورینج وارننگ‘ بھی جاری کی کئی ہے۔ 25 اور 26 مئی کو گرج چمک کے ساتھ الگ تھلگ جگہوں کیلئے ایک ’زرد وارننگ‘جاری کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کشمیر کے علاقے میں چند مقامات پر اس دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ذمہ دار نے مزید کہاکہ کسانوںاورٹریکنگ کرنے والوںکو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ 23سے25مئی تک کھیتوںمیں کھاد ڈالنے ،باغات میں دواپاشی کرنے،فصلیں کاٹنے اور بالائی علاقوںمیں جانے سے اجتناب کریں ۔اس دوران انہوںنے کہاکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کشمیر کے بیشتر علاقوں بشمول سری نگراور گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت معمول کے مطابق ریکارڈ کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ دوران شب سری نگرمیں درجہ حرارت12ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیاجومعمول کے مطابق ہے ۔انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت 5.3،قاضی گنڈ میں 8.4،کوکرناگ میں11.1،کپوارہ میں8.6اور گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت 9.0ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا۔دریں اثناء اتوارکو تپتی دھوپ چھائے رہنے سے پوری کشمیر وادی اورجموں خطے میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ سری نگر شہر میں اتوارکوموسم کا گرم ترین دن رہاکیونکہ درجہ حرارت29.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوںنے مزید کہاکہ کپوارہ میں آج دن کا درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ جنوبی کشمیر کے اضلاع پلوامہ میں29.5 ، کولگام25.8، شوپیاں27.7 اور اننت ناگ میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت28.7ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔