24گھنٹوں میں علاج ومعالجہ کیلئے درکار80 لاکھ روپے کا عطیہ،والد سبھی کے مشکور
سری نگر//جنوبی کشمیرکے ضلع پلوامہ کی ایک جواں سالہ دوشیزہ گزشتہ کچھ برسوں سے ایک موزی مرض میں مبتلاء ہے ،اور تب سے زیرعلاج ہے ۔کبھی پھول کی طرح کھلنے والی اس معصوم بچی کو موزی مرض نے ایک زندہ نعش بنادیاہے ۔اب چہرے پرکوئی رنگت نہیں ،بلکہ بیماری کے آثار نمایاں نظرآتے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق سال2022سے اس بچی کاعلاج ریاست ہریانہ کے فورٹس میموریل ریسرچ انسٹی چیوٹ نامی نجی اسپتال واقع گڑگائوںمیں چل رہاہے ۔والدین نے اپنی اس بچی کے علاج پر جوکچھ بھی گھرمیں جمع تھا ،خرچ کرڈالا،اور پھر علاج کیلئے درکار روقومات کو پورا کرنے کیلئے گھریلو چیزیں تک فروخت کرڈالیں۔جب مرض طول پکڑ گیا اور علاج پرآنے والے اخراجات کا انتظام مشکل نہیں بلکہ ناممکن بن گیا تو معصوم بچی کے والدین نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک اپیل کی کہ اُس کو اپنی زیرعلاج بیٹی کاعلاج کرانے کیلئے مالی معاونت کی جائے ۔موزی مرض کینسر سے لڑرہی دوشیزہ کے والد نے ایک پیغام میں کہاکہ میری بیٹی صدف ایوب بلڈ کینسر میں مبتلاء ہے ۔اوراگلے کچھ دنوںمیں اسکے علاج کیلئے 80لاکھ روپے درکار ہیں ۔انہوںنے لوگوں سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اسکی مالی معاونت کیلئے آگے آئیں۔کہتے ہیں کہ جب تک دنیا میں رحم دل اورباایمان لوگ موجود رہیں گے ،تب تک قیامت نہیں آئے گی ۔صرف 24گھنٹوںمیں درددل رکھنے والوں اور صاحب ثروت اشخاص نے اس دوشیزہ کے علاج کیلئے 80لاکھ روپے کاعطیہ کیا۔اوراس حوالے سے دوشیزہ کے والد نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھاکہ ہمیں اپنی بیٹی کے علاج کیلئے جتنی رقم درکار تھی ،وہ جمع ہوچکی ہے ،اسلئے لوگ اب کوئی مزید عطیہ نہ کریں ۔پلوامہ کی یہ جوان سالہ دوشیزہ کینسرنامی موزی مرض میں مبتلاء ہے ۔ فورٹس میموریل ریسرچ انسٹی چیوٹ واقع گڑگائوں ہریانہ میں اس بچی کے علاج میں شامل ایک معالج ڈاکٹر میت کمار نے2ستمبر2022کو ایک میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کی ،جس میں انہوںنے اس دوشیزہ کوہورہے علاج کی تفصیلات فراہم کی ہیں ،انہوںنے کہاہے کہ اس کشمیری لڑکی کا’بون میر و ٹرانسپلانٹیشن‘10اگست2022کوکیا گیا،اوراب اس لڑکی کا’کیموتھراپی اور تابکاری ‘یعنیChemotherapy and Radiationکے تحت علاج ہورہاہے ۔ڈاکٹر میت کمار نے آگے لکھا کہ اس لڑکی کے علاج ومعالجہ پر35سے40لاکھ روپے کاخرچہ آسکتاہے ،اوراس میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے ،اگر یہ بچی کسی اور مرض میں مبتلاء ہو۔










