amit shah 1

مودی حکومت کے 12برس فلاحی اور ترقیاتی کارنامے تاریخی

غریبوں کی بہبود اور بے مثال ترقی ساتھ ساتھ آگے بڑھی:// وزیر داخلہ امت شاہ

سرینگر// یو این ایس//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ گزشتہ بارہ برسوں کے دوران ملک نے غریبوں کی فلاح و بہبود اور بے مثال ترقی کو ایک ساتھ حقیقت بنتے دیکھا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی کی قیادت میں بھارت نے سماجی بہبود، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، اقتصادی ترقی اور عوامی خدمات کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔یو این ایس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے ایک پیغام میں امت شاہ نے وزیراعظم مودی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران بغیر کسی وقفے اور مکمل لگن کے ساتھ ملک اور عوام کی خدمت کی ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں پہلی مرتبہ غریب عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی تیز رفتار ترقی کو ایک ساتھ آگے بڑھایا گیا۔ ان کے مطابق حکومت کی مختلف اسکیموں نے کروڑوں شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔امت شاہ نے کہا کہ حکومت نے 80 کروڑ افراد کو مفت راشن فراہم کرنے کا انتظام کیا، جبکہ چار کروڑ سے زائد غریب خاندانوں کو پکے مکانات مہیا کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 50 کروڑ افراد کو پانچ لاکھ روپے تک کے صحت بیمہ تحفظ سے جوڑا گیا، جبکہ 10 کروڑ سے زیادہ گھرانوں کو ایل پی جی گیس کنکشن فراہم کیے گئے۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ملک بھر میں 90 سے زائد نئے ہوائی اڈے قائم کیے گئے اور 140 سے زیادہ وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں شروع کی گئیں۔ اس کے علاوہ تقریباً ایک لاکھ 45 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر اور 3 ہزار کلومیٹر جدید ایکسپریس ویز کی تکمیل بھی اسی دور کی اہم کامیابیوں میں شامل ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں بھارت دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر ابھرا ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابیاں اس وقت ممکن ہوتی ہیں جب قیادت کی نیت صاف، اہداف قومی مفاد پر مبنی اور عوامی خدمت کیلئے عزم مکمل ہو۔یو این ایس کے مطابق امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے گزشتہ بارہ برسوں کے دوران انتھک محنت اور غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی تبدیلیاں اور ترقیاتی منصوبے عوامی خدمت اور قومی تعمیر کے وڑن کی عکاسی کرتے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 9 جون 2024 کو مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، جب کہ انہوں نے پہلی بار 26 مئی 2014 کو اور دوسری مرتبہ 30 مئی 2019 کو وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ مودی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور حکومت کے مختلف وزراء￿ اس عرصے کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کو اجاگر کر رہے ہیں۔