جموں و کشمیر اور لداخ کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس سری نگر میں منعقد
سری نگریواین ایس / جموں و کشمیر اور لداخ میں منشیات کی روک تھام سے متعلق یونین ٹیریٹری سطح کی مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی) کا دوسرا اجلاس منگل کو پولیس کنٹرول روم سری نگر میں منعقد ہوا۔اجلاس کی مشترکہ صدارت نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے شمال مغربی خطے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور جموں و کشمیر پولیس کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (کرائم) و سربراہ اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس نے کی۔اجلاس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، بارڈر سکیورٹی فورس، اسٹیٹ ڈرگ کنٹرولر، انٹیلی جنس بیورو، کسٹمز، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس، محکمہ انکم ٹیکس اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ جموں، سری نگر اور گاندربل کے ضلعی ایس ایس پیز بھی اجلاس میں موجود رہے۔اجلاس کے دوران مختلف اداروں کے نمائندوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے حوالے سے اپنے تجربات، کارروائیوں اور زمینی سطح پر درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ منشیات کی اسمگلنگ کے ابھرتے ہوئے رجحانات، بین ریاستی روابط، غیر قانونی کاشت، معلومات کے تبادلے، مشترکہ تحقیقات، مالیاتی تحقیقات اور منشیات سے متعلق مقدمات میں استغاثہ کے عمل کو مزید مضبوط بنانے سمیت متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے ’منشیات پر قابو پانے کے وڑن دستاویز 2026-2029‘ پر بھی غور کیا، جس کا اجرا مرکزی وزیر داخلہ و وزیر تعاون امت شاہ نے 26 جون 2026 کو نئی دہلی میں نارکو کوآرڈی نیشن سینٹر (این سی او آر ڈی) کے دسویں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا تھا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے نیٹ ورک پر مبنی حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ شرکاء نے کہا کہ کارروائی صرف انفرادی ملزمان تک محدود رکھنے کے بجائے منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث پورے نیٹ ورک کی نشاندہی کرکے اسے ختم کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔اجلاس میں مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مستحکم کرنے، مشترکہ پوچھ گچھ کرنے، مالیاتی تحقیقات کو بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان پہلے سے موجود معلومات کے تبادلے کے نظام سے زیادہ مؤثر استفادہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل تعاون اور قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے جموں و کشمیر اور لداخ میں سرگرم منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کی نشاندہی، ان کی سرگرمیوں کو روکنے اور انہیں مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے حکومت کے تمام اداروں پر مشتمل مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔مشترکہ حکمت عملی کا مقصد انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا، قانون نافذ کرنے کے طریقہ کار کو مزید مضبوط کرنا اور دونوں یونین ٹیریٹریز میں غیر قانونی منشیات کی پیداوار، اسمگلنگ اور اس کیلئے مالی معاونت کے خلاف زیادہ مؤثر کارروائی یقینی بنانا ہے۔










