منشیات فروشوں کیخلاف پولیس کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی

نشہ آور مادہ،31موبائل فون،دیگر سامان اوریک لاکھ روپے سے زیادہ رقم برآمد

راجوری،بارہمولہ//سرحدی ضلع راجوری میں منگل کو ایک شخص کو 11 گرام ہیروئن کیساتھ گرفتار کیا گیاجبکہ اُس کی تحویل سے 31 موبائل فون اور 1.16 لاکھ روپے کی نقدی بھی ضبط کی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ عزیز احمد عرف سونو چینی،جوکہ ایک بدنام زمانہ منشیات فروش ہے، کو راجوری قصبہ میں اس کے گھر پر چھاپے کے دوران ضلع سول انتظامیہ کی طرف سے تعینات ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران2 الیکٹرانک وزنی مشینیں،3 کیمرے، 3 موٹر، 4 ایمپلیفائر، ایک انورٹر، ایک سٹیبلائزر اور ایک سپیکر بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس نے کہاکہ برآمد شدہ املاک کا کچھ حصہ چوری ہونے کا شبہ ہے لیکن موبائل فون کا صحیح استعمال تفتیش کے دوران واضح ہو جائے گا۔ پولیس نے مزید کہاکہ عزیزاحمد کیخلاف نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنسز (NDPS) ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے، جو راجوری میں منشیات کی فروخت کیلئے بدنام تھا اور نوجوانوں کو نشے کی طرف راغب کر رہا تھا۔راجوری کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ نے کہاکہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے اور ان کے خلاف زمینی قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گھر میں والدین کی نگرانی نوجوانوں اور نوجوان نسل کو منشیات اور منشیات کے جال میں پھنسنے سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدام کی پہلی لیکن سب سے طاقتور شکل ہے۔اس دوران بارہمولہ پولیس نے ایک مطلوب منشیات اسمگلر کو 110گرام چرس اورایک لاکھ روپے سے زیادہ رقم سمیت گرفتار کیا۔پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ ڈی ایس پی ٹنگمرگ امتیاز احمد کی نگرانی میں ایس ایچ ائو کنزرانسپکٹرنثار احمدکی سربراہی میں پولیس کی ایک ناکہ چیکنگ ٹیم نے کارہامہ کنزرمیںایک مطلوب منشیات فروش منصور احمد وانی ساکنہ کھارپورہ دیوپورہ گرفتارکو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق موقعہ پر ملزم کی تحویل سے110 گرام ممنوع چرس جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔پولیس نے اسکی گرفتاری عمل میں لائی اور بعدازاں ملزم کے انکشاف پراُس کے گھر سے ایک لاکھ 30ہزار900روپے نقدبرآمد کئے گئے ۔پولیس نے مزید کہاکہ تھانہ کنزر میں ملزم کیخلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔