منشیات سے پاک سماج:غیور فاونڈیشن کا زمینی سطح پر کام کرنے کا اعلان

ہوٹلوں اوربند کمروں کے بجائے عوام کیساتھ مل کر مشترکہ محاذ کا قیام ناگزیر:شوکت غیور

سری نگر//منشیات اور دیگر سماجی بدعات کے خلاف زمینی سطح پر لوگوں کو آگاہی دلانے اور نوجوان نسل کو اس وباء سے بچانے کی خاطر زمینی سطح پرکام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے غیر سرکاری انجمن غیور فاو نڈیشن نے کہا ہے کہ وہ بند کمروں میں سمیناروں اور مباحثوں کے بجائے جرائم سے پاک سماج کی تعمیر کیلئے لوگوں سے تعاون طلب کرے گی۔جے کے این ایس کے مطابق ٹیگور ہال سرینگر میںغیور فاو نڈیشن کا ایک غیر معمولی اجلاس فاو نڈیشن کے چیئرمین انجینئرشوکت غیور اندرابی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں فاو نڈیشن کے اراکین نے جموں و کشمیر میں سماجی بدعات کے خلاف لوگوں میں بیداری پیدا کرنے اور منشیات کے استعمال کے خلاف زمینی سطح پرلوگوں کے تعاون سے ایک مشترکہ محاذ پر کام کرنے کا عہد کیا۔فاونڈیشن کے وائس چیرمین شبیر احمد شاہ ،ایس جی ایم اندابی کریری ،غلام حسن کوچھے،غلام حسن حسینی،کلیم بشیر،بشیر احمد خان،شبیر زمان،نذیر احمد کوچھے،فیاض احمد ننگرو ،شوکت حمید شاہ اور دیگر ذمہ داروں نے اجلاس کے دوران کہا کہ سماجی بدعات اورخاص کر منشیات نے ہماری نئی نسل کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے اور اگر وقت رہتے اس ناسور پر قابو نہیں پایا گیا تو آنے والا مستقبل انتہائی ناگفتہ بہہ ہونے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ سماج میں دن بہ دن پیوست ہورہی بدعات خصوصاً منشیات ، بے راہ روی اور رسوما ت بد سے نجات پانے کیلئے ہر کسی کو اپنا کردار نبھانا ہوگا۔اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ منشیات اور دیگر سماجی بدعات کے خلاف زمینی سطح پر لوگوں لوگوں کے تعاون سے زمینی سطح پرکام کیا جائے گا ،انہوں نے کہا ہے کہ بند کمروں میں سمیناروں اور مباحثوں کے بجائے جرائم سے پاک سماج کی تعمیر کیلئے عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ غیور فاونڈیشن جلد ایک سرینگر میں ایک اہم اجلاس بلائے گی جس میں تمام ممبران سے رائے لی جائے گی اور زمینی سطح پر کام کرنے کیلئے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔