سابق وزرائے اعلیٰ ،ممبران اسمبلی اور دیگر افراد نے حکومت کوممبر پارلیمنٹ کو رہاکرنے کا مطالبہ کیا
سرینگر /اے پی آئی// نیشنل کانفرنس کے صدر سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کی جانب سے شمالی کشمیر کے ممبر پارلیمنٹ کو والد کی ناسازگار صحت کی بناء پر انسانیت کے ناطے ضمانت پر رہا کرنے کا مطالبے کا سلسلہ جاری ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق حوالہ لین دین اور ٹیرر فنڈگ کے الزام میں گرفتار کئے گئے ممبر پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ عرف رشید انجینئر کے والد ان دنوں ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ہر گزرتے دن ان کی حالت نازک ہوتی جارہی ہے ۔ ممبر پارلیمنٹ کے والد کی ناسازگار صحت کی بناء پر جموں وکشمیر اور ملک کی سیاسی پارٹیوں کے کئی لیڈروں نے ممبر پارلیمنٹ کو انسانیت کی بنیاد پر جیل سے ضمانت پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے والد کے علاج ومعالجہ کے دوران خود بھی موجود رہیں ۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی ، پلوامہ حلقے کے ممبر اسمبلی وحید الرحمان پرہ ، اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری ، پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون ، پیپلز کانفرنس کے صدر بلال غنی لون ، میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی عمر فاروق اور دیگر مکتبہ ہائی فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی مرکزی حکومت سے پُر زور مطالبہ کیا کہ انجینئر رشید کو والد کے ناسازگار صحت کی بنیاد پر انسانیت کے ناطے ضمانت پر رہا کیا جانا چاہیے تاکہ وہ والد کے علاج کے سلسلے میں اپنی خدمات انجام دے سکے ۔










