اے بی ڈی ایم کا مقصد مؤثر طبی نگہداشت کیلئے مربوط ڈیجیٹل صحت بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنا اور سپورٹ کرناہے
سری نگر//آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ( اے بی ڈی ایم ) کے آغاز سے جموںوکشمیر کے شہری مؤثر اور بروقت طبی نگہداشت کے لئے ڈیجیٹل صحت شناختی کارڈ حاصل کرسکیں گے۔آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ( اے بی ڈی ایم ) کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی نے ستمبر 2021 ء کیا تھا جس کا مقصد ہندوستان کے ہیلتھ کیئر کے نظام میں اِنقلابی تبدیلی لانا تھا۔اے بی ڈی ایم کا مقصد پورے ملک میں مربوط ڈیجیٹل صحت بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنا اور سپورٹ کرنا ہے ۔ یہ جموںوکشمیر میں ڈیجیٹل ہائی ویز کے ذریعے ہیلتھ کیئر اِیکو سسٹم کے مختلف شراکت داروں کے درمیان موجود خلا کوپُر کر ے گا۔جموںوکشمیر میں حال ہی میں آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ( اے بی ڈی ایم ) کے شروع کے بعد مشن کی آسانی سے عمل آوری کے لئے ڈائریکٹوریٹ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت علاحدہ ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا ۔ آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ( اے بی ڈی ایم ) درست معلومات کے حامل اَفراد کو بااختیار بنائے گا تاکہ باخبر فیصلہ سازی کو قابل بنایا جاسکے اور ہیلتھ کیئر فراہم کرنے والوں کی جواب دہی کو بڑھایا جاسکے۔ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر اے بی ڈی ایم ڈاکٹر شفقت حسین نے کہا جواہم پروگراموںکے اِنتظام کی مہارت اور تجربہ رکھتے ہیںاور جموں و کشمیر حکومت کے اداروں کے علاوہ مرکزی وزارتِ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے چیف اِنفارمیشن اینڈ سیکورٹی آفیسر کا سر ٹیفکیٹ دیا گیا تاکہ جموںوکشمیر میں اے بی ڈی ایم کو کامیاب بنایا جا سکے۔اے بی ڈی ایم جدید ترین ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم قائم کرنے ، بنیادی ڈیجیٹل ہیلتھ ڈیٹا کا اِنتظام کرنے اور اِس کے بغیر کسی رُکاوٹ کے تبادلے کے لئے درکار بنیادی ڈھانچے کا تصور کرتا ہے ۔ایک آفیسر نے کہا کہ یہ بین الاقوامی معیارات پر مبنی ذاتی صحت کے ریکارڈ کا ایک نظام بنائے گا جو اَفراد اور ہیلتھ کیئر کے پیشہ ور اَفراد اور خدمات فراہم کرنے والوں کے لئے آسانی سے قابل رَسائی ہو ۔اِس کے علاوہ صحت کے لئے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پرفرد کی باخبر رضا مندی پر مبنی خصوصی توجہ کے ساتھ انٹرپرائز کلاس ہیلتھ ایپلی کیشن سسٹمز کی ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔آفیسر نے مزید کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہیلتھ کیئر کے اِدارے اور نجی شعبے کے پیشہ ور اَفراد نسخے اور پروموشن کے اِمتزاج سے اے بی ڈی ایم کی تعمیر میں پبلک ہیلتھ اَتھارٹیز کے ساتھ فعال طور پر حصہ لیں گے ۔ آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ( اے بی ڈی ایم ) کی عمل آوری سے صحت خدمات کی فراہمی کی کارکردگی اور شفافیت میں نمایاں بہتری آنے کی اُمید ہے ۔ مریض اَپنے میڈیکل ریکارڈز ( جیسے نسخے ،تشخیصی رِپورٹس اور ڈسچارج سمری ) کو محفوظ طریقے سے سٹور اور ان تک رسائی حاصل کرسکیں گے اور مناسب علاج اور پیروی کو یقینی بنانے کے لئے انہیں ہیلتھ کیئر فراہم کرنے والوں کے ساتھ شیئر کرسکیں گے ۔انہیں صحت سہولیات اور خدمات فراہم کرنے والوں کے بارے میں مزید درست معلومات تک بھی رَسائی حاصل ہوگی۔اِس کے علاوہ ان کے پاس ٹیلی کنسلٹیشن اور اِی۔ فارمیسی کے ذریعے دُور دراز سے صحت خدمات تک رَسائی کا اِختیار ہوگا۔ آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ( اے بی ڈی ایم ) اَفراد کو عوامی اور نجی دونوں طرح کی صحت خدمات تک رَسائی کا اِنتخاب بھی فراہم کرے گا، طے شدہ رہنما خطوط اور پروٹوکول کی تعمیل میں سہولیت فراہم کرے گا اور خدمات کی قیمتوں کے تعین میں شفافیت اور فراہم کی جانے والی صحت خدمات کے لئے جواب دہی کو یقینی بنائے گا۔اِسی طرح تمام شعبوں میں ہیلتھ کیئر کرنے والے پیشہ ور اَفراد کو زیادہ مناسب اور مؤثر صحت کی مداخلتیں تجویز کرنے کے لئے مریض کی طبی تاریخ تک بہتر رَسائی حاصل ہوگی۔مربوط ماحولیاتی نظام دیکھ ریکھ کے بہتر تسلسل کو بھی قابل بنائے گا۔










