مقدس اور عظیم ماہ ’’ ماہ رمضان ‘‘کا تیسرا جمعہ

برستی بارشوں کے باوجودوادی بھر میں عظیم الشان اورروح پروراجتماعات کا اہتمام

سرینگر //برستی بارشوں کے باوجو دمقدس ماہ ’’ماہ رمضان ‘‘کے تیسرے جمعہ کے موقعہ پر بھی وادی بھر میں عظیم الشان اورروح پروراجتماعات کا اہتمام ہوا جس کے دوران فرزندان توحید نے نماز جمعہ کے موقعہ پر بار گاہ الٰہی میں گڑگڑ اکرگناہوں کی مغفرت طلب کی۔سی این آئی کے مطابق ماہ رمضان کے تیسرے جمعہ کو بعد وادی کی عبادتگاہوں میںرونق دوبالا ہوئی جس دوران مساجد اور زیارت گاہوں میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ۔بارشوں کے باوجود جمعہ کو بڑی تقریبات آثار شریف حضرت بل اور جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوئیں جہاں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔اس سلسلے میں صبح سے ہی درگاہ اور اسکے گردونواح کے لوگوں اور چھوٹی بڑی گاڑیوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا اور عقیدتمندوں کی بھاری تعداد سویرے سے ہی درگاہ پہنچنا شروع ہوگئے ۔درگاہ حضرت بل میں دوپہر سے قبل ہی لوگ صفوں میں بیٹھے درور و اذکار میں محو تھے جن میں خواتین کی بھی ایک بھاری تعداد شامل تھی جو اپنے مخصوص انداز میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگتی رہیں۔اس موقعہ پردرگاہ میں درودو اذکار کی گونج میں خواتین سمیت زائرین نے انتہائی عاجزی اور انکساری کے ساتھ بارگاہ الٰہی میں اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی ۔عقیدت مندوں کے جوش و خروش کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بارش کے باوجود بھی خیموں کے کھلے آسمان تلے نماز ادا کی۔اسی طرح کی ایک اور بڑی تقریب جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوئی جس کے بعد ایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی جامع مسجد سرینگر میں اُس وقت رقعت آمیز مناظر دیکھے گئے جب لوگ رو رو کر اپنے گناہوں کی مغفرت کے لئے دعائیں مانگ رہے تھے۔اس دوران پتھر مسجد سرینگر ، خانقاہ معلی ،جناب صاحبؒ صورہ، دستگیر صاحبؒ خانیار، مخدوم صاحبؒ،ٹی آر سی مسجد، دستگیر صاحبؒ سرائے بالاسمیت تما م چھوٹی بڑی مساجد اور خانقاہوں میں جمعہ کے موقعہ پر تقریبات کا اہتما م ہوا جن میں لاکھوں لوگوں نے بہت ہی جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔