سری نگر//مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن خورشید احمد شاہ نے جمو ںوکشمیرکے تمام ڈِسٹرکٹ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹوں( ڈِی پی ایم یوز) کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ منعقد کی۔میٹنگ میں کشمیر اور جموں کے ٹیکنیکل ایڈوائزروں، ٹیکنیکل اَفسران اور اِنچارج ڈی پی ایم یوز نے شرکت کی۔میٹنگ کے شروعات میں مشن ڈائریکٹر نے پنچایت سیکرٹریوں کے لئے جل جیون مشن کے تحت اَضلاع میں آن لائن ڈیش بورڈوںکی تشکیل کے لئے آئی ڈیزکے اسٹیٹس کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہیں جانکاری دی گئی کہ پنچایت ملازمین کے لئے آئی ڈیزبنانے کا عمل جاری ہے جو ہر ضلع میں آن لائن ڈیش بورڈوں کی تیاری کی راہ ہموار کرے گا۔مشن ڈائریکٹر نے ڈ سٹرکٹ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹوں( ڈِی پی ایم یوز) پر زور دیا کہ وہ اس عمل کو تیز کریں تاکہ جل جیون مشن کے تحت منصوبوں کی عمل آوری سے متعلق معلومات عوامی ڈومین میں آسانی سے دستیاب ہوں جس سے شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے گا۔اُنہوں نے اْن دیہاتوں میں ’’ہر گھر جل‘‘ سرٹیفکیشن کے عمل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جہاں سکیمیں مکمل یا شروع کی جا چکی ہیں۔ اُنہوں نے ڈی پی ایم یوز سے کہا کہ وہ رِپورٹنگ کے عمل کو تیز کریں تاکہ ہر گھر جل سرٹیفیکیشن سے متعلق کسی بھی معمولی مسائل کو حل کیا جاسکے۔اُنہوں نے ہر ضلع میں پانی کے معیار سے متعلق مسائل کا جائزہ بھی لیا بالخصوص اُن علاقوں میں جہاں پانی کے نل یا بور ویل استعمال کئے جا رہے ہیں۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ جہاں کہیں بھی معیار کے مسائل سامنے آ رہے ہیں وہاں متبادل ذرائع تلاش کر کے مسئلہ حل کیا جا رہا ہے۔مشن ڈائریکٹر نے ہدایت دی کہ سکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں پانی کی جانچ ہر ماہ کم از کم دو مرتبہ کی جائے جیسا کہ پانی کے معیار کی نگرانی سے متعلق نئے رہنما اصولوں میں درج ہے۔خورشید احمد شاہ نے اثاثہ جات اور پانی کے ذرائع کی جیو ٹیگنگ پر بھی زور دیا اور ڈِی پی ایم یوز کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر یہ عمل مکمل کریں۔










