مسلسل بارشوں کے بیچ کشتواڑ کے دورافتادہ گائوں میں المناک واقعہ رونما

کچامکان منہدم:بصارت سے محروم3بھائی لقمہ اجل

سری نگر// ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں، جمعہ کو شام دیر گئے ضلع کشتواڑ کی ایک دور افتادہ بستی میں مکان گرنے کے واقعے میںبصارت سے محروم3 بھائیوں کی موت ہو گئی۔جے کے این ایس کو ملی اطلاعات کے مطابق کشتواڑ سے تقریباً35کلومیٹر دورواقع اجانا پلر گاؤں میں جمعہ کو شام سیر گئے ایک مکان منہدم ہوگیا ،اورمکان میں موجود بصارت سے محروم 3جواں سال بھائی لقمہ اجل بن گئے ۔متوفین میں 30سالہ راجیش کمار،32سالہ رویندرکمار اور28سالہ سجن کمار پسران اشونی کمار جاں بحق ہوگئے ۔ سورم سنگھ نامی شخص کی بیوی اوربیٹی کو فوری کارروائی عمل میں لاکر بچالیا گیااوردونوں کو اسپتال منتقل کیاگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ وہاں پہنچ گئے،اور بعد میں قریبی پولیس چوکی کو بھی متحرک کردیا گیا اور پولیس نے منہدم ہوئے مکان کے ملبے تلے دبے تینوں بھائیوں کی لاشیں نکال لیں۔ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ میں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے مکان منہدم ہو گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل احمد پوسوال نے بتایا کہ منہدم مکان کے ملبے تلے دبے 3بھائیوں کی لاشیں نکال لی گئی ۔انہوںنے کہاکہ یہ گائوںکافی دوری پرواقع ہے لیکن پولیس چوکی کی ٹیم فوری طور پروہاں بچائو کاری کیلئے پہنچ گئی ۔انہوںنے کہاکہ مسلسل بارشوں کے بعد یہ کچامکان منہدم ہوگیا ،اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں۔ایس ایس پی نے یہ بھی کہا کہ ہلاک ہونے والے افراد کے والدین گھر کے دوسری طرف ہونے کی وجہ سے محفوظ ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشتواڑ میں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے اور اس دوران ضلع میں ان بارشوں سے پیش آنے والے مختلف واقعات میں کل14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز ایک خانہ بدوش خاندان کے چار افراد مسلسل بارش سے ڈھلنے والا درخت ان کے خیمے پر گرنے سے جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ ایک روز قبل پاور پراجیکٹ کے7کارکنان کو لے جانے والی گاڑی کھائی میں گرنے سے جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔