dooran

مرکزی وزیر مملکت امورِ داخلہ کی کپواڑہ میں پی آر آئی اور عوامی نمائندوں سے ملاقات

کپواڑہ//مرکزی وزیر مملکت برائے امور ِداخلہ نیتا نند رائے جو سرحدی ضلع کپواڑہ کے تین روزہ دورے پر ہیں، نے کہا کہ مرکزی حکومت کشمیر میں پائیدار ترقی اور اَمن کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے ۔مرکزی وزیر مملکت آج یہاں کانفرنس ہال ڈی سی آفس کپواڑہ میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرپرسن ، پی آر آئی اور عوامی نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے۔وفود میں پہاڑی بولنے والے لوگ ، جے کے یوٹی ورکنگ کمیٹی بی جے پی ،گجر بکروال کمیونٹی ، سابق فوجی ، پنچایت راج موومنٹ ، سیلپ ہیلپ گروپ آف اِنجینئر ان اور جے کے ریڈ فائونڈیشن شامل ہیں۔بی ڈی سی ، پی آر آئی اوروفود نے اَپنے اَپنے علاقوں کے مطالبات وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔مرکزی وزیر مملکت برائے امور ِداخلہ نیتا نند رائے نے ان کو بغور سنا اور انہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام نے اَمن اور ترقی میں اَپنی دلچسپی ظاہر کی۔بعد میں وزیر موصوف نے سیکٹر ہیڈ کوارٹر بارڈر سیکورٹی فورسز کپواڑہ کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے ایک سینک سمیلن میں فوجیوں سے خطاب کیا۔اِس موقعہ پر وزیرمملکت کو سیکورٹی موجودہ منظر نامے اور کنٹرول لائن پر بی ایس ایف کے جوانوں کے ساتھ ساتھ اندرونی علاقوں میں سول اِنتظامیہ کی مدد اور ضلع کپواڑہ میں اَمن و اَمان برقرار رکھنے کے فرائض سے آگاہ کیاگیا۔اُنہوں نے مشکل علاقوں میں بھی بلند حوصلے برقرار رکھنے پر فوجیوں کی تعریف کی۔اِس موقعہ پر ثقافتی رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیا گیا۔