جموں وکشمیر میں سیکورٹی صورتحال پر جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا
جموں//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموںوکشمیر میں حفاظتی صورتحال پر جموں میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا، مرکزی داخلہ سیکرٹری ، چیف سیکرٹری ،فائنانشل کمشنر ( ا ے سی ایس) داخلہ، ڈی جی پی جموںوکشمیر کمانڈر شمالی کمان ، فوج ، اور انٹلی جنس نے شرکت کی اور بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے دیگر سینئر اَفسران بھی شامل تھے۔میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر داخلہ نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ،’’ میری خواہش راجوری دہشت گردانہ حملوں کے متاثرہ کنبوں کے غم میں شریک ہونا تھا ، لیکن میں خراب موسم کی وجہ سے وہاں نہیں جاسکا ، میں نے ان کنبوںسے فون پر بات کی اور ان کے غم میں شریک ہونے کی کوشش کی۔‘‘ امت شاہ نے کہاکہ ان تمام متاثرہ کنبوں کی ہمت پورے ملک کے لئے ایک مثال ہے ، اتنے بڑے واقعے کے بعد بھی مشکل سے لڑنے کے حوصلے کو برقرار رکھنا بڑی بات ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام سیکورٹی ایجنسیاں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑرہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہے اور ان کی مدد کے لئے پُر عزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری ہمدری کے ساتھ متاثرہ کنبوں کو حکومت کی مختلف سکیموں کے ذریعے فوائد فراہم کئے جائیں گے اوراس کے ساتھ ساتھ ایل جی کی جانب سے اَپنے اختیار میں اِمدادی اقدامات سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔امیت شاہ نے کہا کہ جموںمیں سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ سیکورٹی کے تمام پہلوئوں پر ایک تفصیلی میٹنگ ہوئی ، آنے والے دِنوں میں ایک اِنتہائی محفوظ گرڈ بنانے پر بھی بات چیت کی گئی ۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کے تمام سیکورٹی ادارے مکمل طور پر تیارہیں اور ایسے واقعات کی روکتھام کے لئے ان کے حوصلے بلند ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ این آئی اے اور جموں پولیس مشترکہ طور پر ان دو دِنوں میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کریں گے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ میٹنگ میں دہشت گرد گروپوں کی حمایت اور اِنفارمیشن سسٹم پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا اور تمام ایجنسیوں نے مکمل 360 ڈگری سیکورٹی میکانزم بنانے کا یقین دلایا ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ان دہشت گردانہ حملوں کے ذمہ دار لوگوں کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا اور سخت سزا دی جائے گی۔امت شاہ نے کہا کہ تین ماہ کے اندر جموں کے ہر علاقے میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنا کر اسے ناقابل تسخیر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں جموں کے شہریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ دہشت گردآرگنائزیشنوں کے ارادے کچھ بھی ہوں، ہماری سیکورٹی ایجنسیاں جموں کی حفاظت کے لئے تیار رہیں گی۔










