Dr. Sehrish

مختلف شعبوں میں کامیابی پانے والی بیٹیاںہی نوجوان لڑکیوں کیلئے اصل روشن مثال

حواکی بیٹی کمزوری کی علامت نہیںبلکہ خوشحالی کی ضمانت :ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سحرش اصغر

بارہمولہ//ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سحرش اصغر نے مختلف شعبوںمیں کامیابی پانے والی بچیوں کوتمام نوعمر اور نوجوان لڑکیوں کیلئے اصل روشن مثال قرار دیتے ہوئے منگل کے روز کہاکہ سماجی، معاشی ومعاشرتی بہتری کیلئے ہمیں اپنی بہنوں ،بیٹیوں اور بچیوںکی مدد،حمایت اورحوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔جے کے این ایس کے مطابق بچیوں کے قومی دن2023کے سلسلے میں ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ایک پُروقارتقریب منعقد ہوئی ،جس میں ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سحرش اصغر نے بطورمہمان خصوصی کے شرکت کی جبکہ اس موقعہ پرلوگوںکی ایک بڑی تعدادبشمول مردوزن موجود تھے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے اس موقعہ پراس دن کے حوالے سے ایک فکر انگیز خطبہ دیا۔انہوںنے کہاکہ بیٹیوں ،بچیوں اور بہنوںکومدد،حمایت اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ مختلف شعبوںمیں کامیاب ہوکر اپنا ،اپنے خاندانوں اورعلاقوںکانام روشن کرسکیں ۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کاکہناتھاکہ اگر کسی بھی شخص کوکوئی چیز معلوم نہیں ،توا سکوجاننے کیلئے ہچکچانا نہیں چاہئے ،بلکہ جانناچاہئے ،کیونکہ جاننا یعنی علم اورمعلومات حاصل کرنا سنت ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے سماج کویہ مانناہوگاکہ عورت کمزور نہیں ہے اورنہ کمزوری کی علامت ہے ۔ڈاکٹر سحرش اصغر نے کہاکہ یہ معاشرے کی کمزوری ہے ،اگروہ حواکی بیٹی کوآگے بڑھ کر ترقی کرنے سے روکے ۔انہوںنے کہاکہ کوئی بھی گھر ،کنبہ ،خاندان یامعاشرہ تب تک ترقی وخوشحالی نہیں پاسکتا،جب تک وہاں خواتین مضبوط اور کامیاب نہ ہوں ۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سحرش اصغر کاکہناتھاکہ کسی بھی مذہب میں عورتوںکی تعلیم پرکوئی پابندی نہیں ،کوئی ممانعت نہیں کی گئی ہے ،اور اس حوالے سے جوکچھ بھی کہایاکیا جاتاہے ،وہ کسی بھی طور پرکسی مذہب کی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتا۔اپنے فکر انگیز خطبے کوجاری کھتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے کہاکہ کسی بھی معاملے میںتنگ نظری لاعلمی اورغلط نظریات کی حامل ہوتی ہیں ،اور ہمیں کسی بھی معاملے پر سنی سنائی باتوں پریقین کرنے کے بجائے اصل حقائق جاننے کیلئے معلومات حاصل کرنی چاہیں ۔انہوںنے کہاکہ تنگ نظری معاشی بدحالی اور معاشرتی پستی کی ایک بنیادی اور بڑی وجہ ہے ،اور ہمیں اپنے سماج ومعاشرے کواس تنگ نظری سے باہر لاناچاہئے ۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سحرش اصغر نے مختلف شعبوںمیں کامیابی پانے والی بچیوں کوتمام نوعمر اورنوجوان لڑکیوں کیلئے اصل روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی شعبے میں کامیابی پانے کیلئے بچیوں ،بہنوں اور بیٹیوںکواپنی تہذیب وتمدن سے دوری اختیار نہیں کرنی چاہئے ،کیونکہ ہم اپنے تہذیب وتمدن کے دائرے میں رہ کر بھی ترقی اور منزل پاسکتے ہیں ۔ڈاکٹر سحرش اصغرنے بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ بہنوں ،بیٹیوں اور بچیوں کواپنی تہذیب وتمدن نیزسماجی ومعاشرتی اقدار کے دائرے میں رہ کر ترقی یافتہ بنناہوگا،اور اپنی منزل پانی ہوگی ،کیونکہ اس جذبے اوراصول کے ساتھ وہ ترقی کیساتھ ساتھ سماج ومعاشرے میں وقار بھی پاسکتی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے حالیہ JKASامتحان میں کامیاب ہونے والی لڑکیوںکاذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے دیکھاکہ کسی بچی کی کامیابی میں والدین ،کسی کی کامیابی میں شوہر اورکسی کی کامیابی میں دوسرے رشتہ داروں کابھی کلیدی رول رہاہے ،تاہم اصل ہمت اورحوصلہ ہماری بیٹیوںکوہی کرنا ہوگا،تب جاکروہ کامیابی کی منازل طے کرسکتی ہیں ۔