Nayeem Ul Haq

محکمہ موسمیات کی جانب سے26مئی تک برف وباراں کی پیش گوئی

سری نگر//محکمہ موسمیات کی جانب سے26مئی تک برف وباراں کی پیش گوئی کے بیچ بدھ کے روز بعددوپہرسری نگرسمیت کشمیروادی ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اور جموں صوبے کے دیگرکئی اضلاع کے میدانی علاقوںمیں تیز اورموسلا دار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے بارشوں کارواں سلسلہ شام دیرتک جاری رہنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات جموں وکشمیرمیں متعددمقامات پر گرج چمک کیساتھ درمیانی درجے کی بارش ہوگی ۔اُدھر موسلادار بارشوں کے نتیجے میں رام بن علاقے میں مٹی کے تودے اوربڑے پتھر گرآنے کے بعدسری نگر جموں قومی شاہراہ کو آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کوصبح سے ہی جموں وکشمیرکے بیشتر علاقوں بشمول سری نگرمیں بادل چھائے رہے ۔دوپہرکے وقت آسمان پربادلوں کا جمائو گہرا ہونے کے بعد سری نگرسمیت کشمیروادی کے بیشتر علاقوں نیزخطہ پیرپنچال ،وادی چناب اور جموں صوبے کے دیگرکئی اضلاع کے میدانی علاقوںمیں تیز اورموسلا دار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔تاہم ابھی تک کسی بالائی علاقے میں تازہ برف باری ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح جاری کردہ اپنی موسمیاتی ایڈوائزری میں جموں و کشمیر میں میدانی علاقوں میں26مئی تک بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ 24مئی یعنی بدھ کوشام دیر تک ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوگی جبکہ اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری ہونے اورتیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ذمہ دار نے کہاکہ 25اور26مئی کو جموں وکشمیرمیں اکثر وبیشترمقامات پر وقفے وقفے سے میدانی علاقوںمیں گرج چمک کیساتھ درمیانی درجے کی بارش اور اونچی جگہوں پر برفباری ہونے کاامکان ہے جبکہ اس دوران کچھ میدانی علاقوںمیں ژالہ باری ہونے اور تیز ہواؤں کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔انہوںنے مزید کہاکہ 27سے30مئی تک جموں وکشمیر میں موسم جزوی طور پرابرآلودرہنے کاامکان ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسم کے بہتر ہونے تک فارم کے تمام کاموں کو روک دیں۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ طویل سفر شروع کرنے سے پہلے متعلقہ ٹریفک پولیس سے سڑک کی حالت کی تصدیق کر لیں اورتب تک خاص طور پر زوجیلااورسری نگرجموں شاہراہ پر سفر سے گریز کریں۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بدھ کی سہ پہر5 بجے جاری کردہ اپنی تازہ موسمیاتی ایڈوائزری میں کہاکہ بدھ کوشام دیر گئے تک درمیانی بارشوں کیساتھ ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری ہونے اور تیز ہوائیں چلنے کابھی امکان ہے۔متعلقہ محکمے نے مزید کہاکہ جموں وکشمیرمیں اگلے 2سے3گھنٹوںمیں بارشوںکی شدت میں بتدریج کمی ہوگی ۔تاہم انہوںنے کہاکہ بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات جموں وکشمیرمیں متعددمقامات پر گرج چمک کیساتھ درمیانی درجے کی بارش ہوگی۔اُدھر موسلادار بارشوں کے نتیجے میں رام بن علاقے میں مٹی کے تودے اوربڑے پتھر گرآنے کے بعدسری نگر جموں قومی شاہراہ کو آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے نے کہاکہ ابھی قومی شاہراہ بند ہے ۔انہوںنے کہاکہ مٹی کے تودوں اورپتھروںکو ہٹانے کاکام شروع کردیاگیاہے۔