گراںبازاری کے انسداد عوام کااہم رول،صارفین اضافی قیمت ادانہ کریں : ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق وانی
سری نگر//محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی انفورسمنٹ ونگوںنے پوری کشمیر وادی میں ناجائز منافع خوروں بشمول قصابوں کیخلاف مہم جاری رکھتے ہوئے جمعہ کے روز سری نگرمیںقصابوں کے12دُکانات کوسیل کردیاجبکہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں213کاروباری مراکز کی چیکنگ کے دوران ریٹ لسٹ کوبالائے طاق رکھنے اور دیگرخلاف ورزیوں کے مرتکب32دکانداروں سے 10ہزار800روپے بطور جرمانہ وصول کیاگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ ونگوںنے رواں ماہ کشمیر کے سبھی10اضلاع میں 1528کاروباری مراکز کی چیکنگ کے دوران اشیائے خوردنی کاکاروبار کرنے والے 229دکانداروں کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 66ہزار روپے کی رقم بطور جرمانے کے وصول کی ۔محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی انفورسمنٹ ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمدوانی کی سربراہی میں متعلقہ ونگوںنے رواں مالی سال کے دوران ابتک ایک لاکھ 5ہزار76کاروباری مراکز کی چیکنگ عمل میں لانے کے دوران مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوںکے مرتکب 18ہزار 878دکانداروں کیخلاف کارروائی عمل میں لاکر اُن سے مبلغ 87لاکھ55ہزار230روپے کی رقم بطور جرمانے کے وصول کی ۔ محکمہ فوڈ ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی انفورسمنٹ ونگ نے ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمدوانی کی سربراہی میں قصابوں اور اشیائے خوردنی کاکاروبار کرنے والے دوسرے تاجروں بشمول سبزی ومیوہ فروشوں اور دودھ ومرغ فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جمعہ کے روز سری نگرشہر میں گوشت فروشوں یعنی قصابوں کے مزید12دکانات سر بمہر یاسیل کردئیے ،اور یوں گزشتہ 4دنوںمیں متعلقہ ونگ نے صرف سری نگرمیں 100سے گوشت فروشوں کے دکانات سیل کردئیے ہیں ۔ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمدوانی نے کہاکہ محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی انفورسمنٹ ونگوں کی جانب سے قیمتوں کواعتدال پررکھنے کی مہم صرف عوامی حمایت کیساتھ ہی کامیاب ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہماری ونگ عوامی شکایات پر ہی کارروائی عمل میں لاتی ہے ،اور رواں مالی سال کے دوران 21تاجروں بشمول قصابوں کیخلاف متعلقہ پولیس تھانوںمیں شکایات درج کرائی گئیں ،جن میں سے 16شکایات صرف سری نگر ضلع میں رجسٹرکرائی گئی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہماری چیکنگ کادائرہ صرف قصابوںیادکانداروں تک ہی محدود نہیں بلکہ ہم ریڈیوں پر سبزیاں ،میوہ جات اور دوسراکھانے پینے کاسامان فروخت کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کرتے ہیں ۔مشتاق احمدوانی کاکہناتھاکہ رواں سال ابتک کل313کاروباری اداروں اورمراکز کی چیکنگ عمل میں لائی گئی اوراس دوران 53ریڈے ضبط کئے گئے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمدوانی نے کہاکہ معیاری اشیائے خوردنی کے کاروبار کویقینی بنانے اور قیمتوںکواعتدال پررکھنے کیلئے پوری کشمیروادی میں چیکنگ کاعمل روزکامعمول بنادیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی جانب سے وقتاًفوقتاًاشیائے خوردنی بالخصوص سبزیوں وغیرہ کی تازہ ریٹ لسٹ اجراء کی جاتی ہے ،اور ہم صارفین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی قسم کی اشیائے خوردنی کاکاروبار کرنے والے دکانداروں کیساتھ ساتھ قصابوں کواضافی قیمت نہ دیں ۔انہوںنے کہاکہ گراں بازاری اور ناجائز منافع خوری پر عوامی تعاون کے ساتھ ہی قابو پایاجاسکتا ہے ۔










