محکمہ سیاحت نے کشمیر بھر میں مختلف مقامات پر اَنفورسمنٹ مہم چلائی

سیاحوں کو دی جانے والی خدمات کا جائزہ لیااور ٹی ٹی ایکٹ کی خلاف ورزی پر مختلف شراکت داروں سے 22,500 روپے وصول کئے

سری نگر//ناظم سیاحت کشمیر راجا یعقوب فاروق کی ہدایت پر محکمہ سیاحت نے آج مختلف سیاحتی مقامات جیسے پہلگام، گلمرگ، سری نگر اور دودھ پتھری میں انفورسمنٹ مہم چلائی تاکہ سیاحوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس کے نرخوں کا یکطرفہ تعین، مہمان نوازی کی سہولیات کی تجدید اور رجسٹریشن، صفائی ستھرائی کے محفوظ پیرامیٹروں، فراہم کی جانے والی خدمات کے مقابلے میں لاجسٹک چارجز کی برابری اور دیگر بہت سے مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی۔مختلف غیر رجسٹرڈ سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں سے کہا گیا کہ وہ خود کو محکمہ سیاحت کے ساتھ اپنا رجسٹر کریں۔اِس کے علاوہ ٹی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی پر مختلف شراکت داروں سے 22,500 روپے تک کا جرمانہ وصول کیا گیا۔مزید برآں، انہیں محکمہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی اور متنبہ کیا گیا کہ جو بھی زائد چارجنگ پایا گیااس کے خلاف ٹی ٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔دریں اثنا ،ناظم سیاحت کشمیر جو جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں، نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف آن لائن موڈ کے ذریعے گنڈولہ کے لئے ٹکٹ بُک کریں کیوں کہ کارپوریشن کے پاس آف لائن ٹکٹوں کو فروخت کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ اُنہوں نے انہیں متنبہ کیا کہ وہ ٹائوٹوں کے جھانسے میں آئیں۔