dooran

محکمہ سیاحت نے اِنٹرنیشنل مائونٹین ڈے کے موقعہ پر مصوری مقابلے کا اِنعقاد کیا

سری نگر//محکمہ سیاحت نے اِنٹرنیشنل مائونٹین ڈے ۔2021ء کے موقعہ پر ایک مصوری مقابلے کا اِنعقاد کیا جس کو نوجوانوں کی جانب سے زبردست ردِّعمل ملا ۔محکمہ نے شرکأ کو پہاڑی مناظر ، پہاڑی ماحولیاتی نظام ، نباتات و حیوانات ، پگڈنڈیوں اور پہاڑی پش منظرکے ساتھ ثقافتی ورثے کے مقامات کی تصاویر جمع کرنے کی دعوت دی تھی۔اِس برس کے اِنٹرنیشنل مائونٹین ڈے کا تھیم’’ پائیدار پہاڑی سیاحت ‘‘ تھا کیوں کہ پائیدار پہاڑی سیاحت اِضافی ذریعہ معاش کے آپشنز پیدا کرنے، غربت کے خاتمے اور سماجی شمولیت میں مدد کرتی ہے۔مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر تقریباً ایک لاکھ ویوز کے ساتھ مقابلے میں زائد از 400 اِندراجات موصول ہوئے۔گذشتہ روز مرکزی مقام پر سب سے زیادہ ووٹ ڈالنے والی تصاویر کی ایک فوٹو گیلر ی نمائش کے لئے رکھی گئی تھی اور تقریب میں ٹاپ تین تصاویر کو اَنعام سے نواز گیا۔ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتوکے مطابق یہ خیال نوجوانوں کی مثبت مصروفیت اور ایڈونچر سرگرمیوں میں ان کی دلچسپی بڑھانے کے ساتھ مختلف مواقع پر نمائش کے لئے تصاویر کا ذخیرہ بنانے کے تین جہتی مقصد کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گذشتہ روز محکمہ سیاحت نے مائونٹین ڈے پورے جوش و خروش سے منایا ۔ محکمہ نے سرگرمیوں کا ایک سلسلہ ترتیب دیا تھا جس میں گاندربل ضلع کے نارا ناگ سے مائی چوئی تک سرمائی سفر شامل تھا۔ اِس کے علاوہ مشہور سکیئنگ منزل گلمرگ میں سنو سائیکلنگ اور اے ٹی وی ریس شامل تھی ۔اِس موقعہ پر محکمہ سیاحت نے بہترین مقامات کے ٹریکنگ کے نقشے اور مائونٹ ایورسٹ پر دستاویزی فلموں کی نمائش بھی جاری کی جس میں مقامی کوہ پیمائوں اور پائیدار مائونٹین ٹوراِزم شامل ہے۔