مالی سال کے اختتام سے قبل ریونیو ہدف حاصل کرنے کیلئے اقدامات تیز
سرینگر//یو این ایس//محکمہ بجلی نے کشمیر بھر میں اپنے فیلڈ دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ مارچ 2026 کے باقی ایام میں اتوار، سرکاری اور بینک تعطیلات کے دوران بھی دفاتر کھلے رکھے جائیں تاکہ مالی سال کے اختتام سے قبل زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق چیف انجینئر (ڈسٹری بیوشن) کے دفتر کی جانب سے جاری ایک سرکاری حکم نامے کے مطابق، 26 اور 29 مارچ کو متعدد تعطیلات کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ ریونیو وصولی کے عمل پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔حکم نامے میں تمام ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویڑنل دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دفاتر کو ان دنوں میں کھلا رکھیں تاکہ بجلی بقایاجات کی بلا تعطل وصولی ممکن بنائی جا سکے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ ریونیو ہدف کا مکمل حصول لازمی ہے اور کسی بھی کمی سے بچنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔ کشمیر پائور ڈسٹی بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈنے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ جاری ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کو جسمانی اور مالی دونوں سطحوں پر بروقت مکمل کیا جائے۔احکامات پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ دنوں میں صبح 10:30بجے اور شام 4:00بجے اپنے دفاتر کی جیو ٹیگڈ تصاویر سرکاری واٹس ایپ گروپ میں شیئر کریں۔یہ ہدایات ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ انتظامی و انجینئرنگ حکام کو سختی سے عملدرآمد کیلئے ارسال کی گئی ہیں۔










