سرینگر//جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کو جمعرات کوے روزجنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں جانے سے روک دیا گیا کیونکہ پولیس نے موصوفہ کوصبح اُن کی گپکار رہائش گاہ کے مرکزی دروازے پرتالا لگا دیا۔ پی ڈی پی کے ایک لیڈرنے بتایا کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو ترال پائین کے سیر علاقے کا دورہ کرنا تھا لیکن ضلعی انتظامیہ نے اُنہیں اجازت نہیں دی اور پولیس اسٹیشن رام منشی باغ کے پولیس اہلکاروں نے ان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازے پر تالا لگا دیا اور ایک بینکر کو مرکزی دروازے پر رکھا۔ پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے ایک نیوز ایجنسی کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ میں سیر ترال کا دورہ کرنا چاہتی تھی جہاں لوگ الزام لگاتے ہیں کہ فورسز تباہی مچا رہی ہیں ، گھروں میں توڑ پھوڑ کر رہی ہیں ، دیہاتیوں کو بے رحمی سے پیٹ رہی ہیں۔ لیکن مجھے وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔انہوںنے کہاکہ اس سے لگتا ہے کہ حکومت کے پاس چھپانے کیلئے بہت کچھ ہے، اس لئے انہوں نے مجھے گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔تاہم ، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ محبوبہ مفتی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایس پی ائونتی پورہ اور ڈی آئی جی جنوبی کشمیر کی طرف سے سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ترال آنے سے گریز کریں۔










