07جون سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو کر دن کا درجہ حرارت 30ڈگری تک پہنچنے کا امکان :موسمی ماہرین
سرینگر //مجموعی طو ر پر خشک موسمی صورتحال کے چلتے جموں و کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ 07جون سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو کر دن کا درجہ حرارت 30ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ سی این آئی کے مطابق دن بھر کھلی دھوپ نکلنے کے باعث جہاں دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں بہتری درج کی گئی ہے وہیں محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 07جون سے ابتدائی طور پر گرمی میںاضافہ ریکارڈ ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور کشمیر کے تمام اضلاع میں دن کا درجہ حرارت 30ڈگری سے اوپر چلے جانے کا امکان ہے ۔ موسمی ماہرین کے مطابق جیسا کہ توقع کی گئی ہے، 12 جون تک جموں و کشمیر میں ایسی کوئی بڑی موسمی سرگرمیاں متوقع نہیں ہیں، صرف کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے تاہم خشک موسم رہنے کے باعث گرمی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ ہو سکتا ہے اور 07 سے 12 جون تک دھوپ اور خشک موسم کا غلبہ رہے گا ۔ اس دوران بادلوں کے جماو کے امکانات کم ہیں کیونکہ کشمیر صوبے میں دن کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بیشتر مقامات پر دن کا درجہ حرارت 30ڈگری سے اوپر چلے جانے کا امکان ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے اور سرینگر میں گزشتہ رات 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 8.2 ڈگری کے مقابلے میں 8.4 ڈگری کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں گزشتہ رات 5.1 ڈگری کے مقابلے میں 4.0 ڈگری کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اورا سی طرح سے گلمرگ میں گزشتہ رات 3.2 ڈگری کے مقابلے میں 3.6 ڈگری کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قصبے میں پارہ گزشتہ رات 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں میں گزشتہ رات 18.6 ڈگری سیلشش کے مقابلے میں 21.0 ڈگری کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور انہوں نے کہا کہ 4 سے 12 جون تک موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا لیکن بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔










