rain

مانسون کے امتزاج کیساتھ مغربی ہوائوں کی خلل اندازی:محکمہ موسمیات

جموں وکشمیر میں درمیانہ تا شدیدبارشوںکاامکان

سری نگر//محکمہ موسمیات نے جمعرات کوخبردارکیاکہ مانسون کے امتزاج کیساتھ مغربی ہوائوںکی خلل اندازی کے باعث جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران درمیانہ تا شدید بارشوںکاامکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے موسم کے تیکھے تیوروںکودیکھتے ہوئے ایک ایڈوائزری بھی جاری کردی ،جس میں لینڈ سلائڈنگ ،پتھر گرنے ،سیلابی ریلوں اوردن کے درجہ حرارت میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیرمیں بدھ کی سہ پہر ،شام اورپھردوران شب مختلف علاقوںمیں موسلادار بارشیں وژالہ باری ہونے ،تیز ہوائیں چلنے اورکچھ مقامات پر بادل پھٹنے کے بعدپید اہوئی سیلابی صورتحال کے بعدجمعرات کوموسمیاتی تغیر وتبدل کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں مانسون کے امتزاج کیساتھ مغربی ہوائوںکی خلل اندازی کے باعث اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف اورمخصوص علاقوںمیں درمیانہ درجے سے لیکر شدیدیاموسلا دار بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا خلل جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں اعتدال سے لے کر بھاری شدت کی بارش پیدا کرے گا۔متعلقہ محکمہ کے مطابق جموں وکشمیرمیں 31جولائی تک بے ترتیب موسم ،بارش کا موسم جاری رہنے کا امکان ہے لیکن مسلسل بارش کی توقع نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ آج یعنی جمعرات کوپورے جموں وکشمیرخصوصاً جموں خطہ میں اچھی بارش ہوئی اور مانسون اور مغربی ہوائوںکے اثر کی وجہ سے آنے والے چند دنوں میں مزید بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کے مطابق اب دوپہر سے موسم میں بہتری کا امکان ہے تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دوبارہ بارش ہوسکتی ہے۔جولائی کے آخر تک جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر مجموعی طور پر غیر معمولی موسم کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بیان میں ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیاکہ جموں و کشمیر کے کمزور علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ممکن ہے، کمزور علاقوں میں سیلاب کاامکان ہے ، دن کے درجہ حرارت میں کمی ہوگی اور جموں سری نگر قومی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ اورپتھر گرنے کی وجہ سے بند ہوسکتی ہے ۔