سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کیلئے قلیل اور طویل مدتی اقدامات:سیکرٹری سیاحت
گاندربل//جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے منگل کو کہا کہ مقامی معیشت کو فروغ دینے کے لئے یہاں مانسبل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا اور مانسبل جلد ہی وادی کے مشہور سیاحتی مقامات میں شامل ہو جائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق مانسبل فیسٹیول کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ مانسبل اتنا مقبول سیاحتی مقام نہیں ہے،جتنا ہونا چاہئے اوراسی مقصد کیلئے یہاں آج مانسبل فیسٹول منعقد کیاگیا تاکہ یہاں کی مقامی معیشت کو فروغ دیاجاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ مانسبل جلد ہی وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات میں شامل ہو جائے گا اور ماسبل فیسٹیول جیسی تقریبات سے ایسے مقامات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔اس دوران سیکرٹری محکمہ سیاحت سرمد حفیظ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے قلیل اور طویل مدتی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بدل جائے گی۔مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کے دوران، انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ حال ہی میں مطلع شدہ ہوم اسٹے پالیسی سے فائدہ اٹھائیں اور آمدنی پیدا کرنے کے پروگراموں میں شامل ہونے کے لیے خود کو رجسٹر کریں۔انہوں نے کہا کہ ہوم اسٹے کا مقصد فوائد کو نچلی سطح تک پہنچانا اور سیاحت کے شعبے کے ذریعے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ڈائرکٹر ٹورازم جی این ایتو نے کہا کہ حکومت نے پروموشن کے لیے متعدد مقامات کی سفارش کی ہے اور مانسبل ان میں سے ایک ہے اور اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کا بنیادی مقصد سیاحوں کو ان خوبصورت مقامات کی سیر کے لیے راغب کرنا ہے۔










