train accident budgam

مازہامہ بڈگام میں ٹرین کا ایک ڈبے اور انجن پٹری سے اُترگئے

سری نگر//وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں جمعہ کی صبح ٹرین کے ایک ڈبے اور انجن کے پٹری سے اتر جانے کے بعد ایک ٹرین میں مسافربال بال بچ گئے۔ حکام نے بتایا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس دوران ریلوے حکام نے اس حادثے کے پیش نظر بانہال اور بارہمولہ کے درمیان چلنی والی ٹرین سروس دن بھرکیلئے معطل کردی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق بانہال سے بارہمولہ جارہی ایک ٹرین اورایک ریل ڈبہ جمعے کی صبح تقریباً9بجکر 45منٹ پر مازہامہ بڈگام کے نزدیک پٹری سے اُترگیا۔انہوںنے بتایاکہ ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہونے کے بعد ریل گاڑی کویہ حادثہ پیش آیا۔ ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک انجن اور ایک کوچ پٹری سے اتر گئے اور خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں جبکہ ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ پٹری سے اترنا حادثاتی تھا اور مزید تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔ ریلوے حکام نے بتایاکہ واقعہ کے پیش نظر بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا ،اور بعدازاں صورتحال یعنی ریلوے ٹریک کاجائزہ لینے کے بعداحتیاطی اقدام کے بطور بانہال اور بارہمولہ کے درمیان چلنی والی ٹرین سروس دن بھرکیلئے معطل کردی گئی ۔حکام نے بتایاکہ جمعے کی صبح برف وباراں کاسلسلہ شروع ہونے کی وجہ سے ممکنہ طورپر ٹرین کا ایک ڈبے اور انجن پٹری سے اترگئے۔تاہم اس سارے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اورتفصیلات حاصل کی جارہی ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ ریلوے ٹریک کی حالت کاجائزہ لینے کے بعد بارہمولہ سے بڈگام اور بانہال سے بارہمولہ کے درمیان ریل سروس بحال کرنے کافیصلہ لیاجائے گا۔