ریڈمنڈ؍واشنگٹن/ایجنسیز//امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ آئندہ ہفتے ملازمین کی ایک نئی بڑی تعداد کو نکالنے کا اعلان کر سکتی ہے۔ میڈیا کے مطابق کمپنی کی ممکنہ ملازمین کی تخفیف سے دنیا بھر میں 5,500 سے زائد ملازمتیں متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ممکنہ برطرفیاں مائیکروسافٹ کی مجموعی عالمی افرادی قوت کے 2.5 فیصد سے کم ہوں گی۔ مجوزہ برطرفیوں سے سیلز، کنسلٹنگ اور ایکس باکس گیمنگ ڈیویژن سمیت کئی شعبے متاثر ہو سکتے ہیں۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 30 جون 2025 تک مائیکروسافٹ کے دنیا بھر میں تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار مستقل ملازمین تھے۔ اگر کمپنی 2.5 فیصد سے کم ملازمین کو فارغ کرتی ہے تو متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 5,700 سے کم رہنے کا امکان ہے۔
اگرچہ مائیکروسافٹ نے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے کاروباری ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے، آپریشنل اخراجات کم کرنے اور وسائل کی نئی ترجیحات کے مطابق تنظیمِ نو پر غور کر رہی ہے۔حالیہ برسوں میں مائیکروسافٹ نے مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ کمپنی اپنی اے آئی مصنوعات کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک میں نئے ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کر رہی ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں روایتی کاروباری شعبوں سے وسائل منتقل کرکے مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور کلاؤڈ انفرا اسٹرکچر پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں بعض شعبوں میں ملازمین کی تعداد کم کی جا رہی ہے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ مائیکروسافٹ کے گیمنگ یونٹ ایکس باکس میں بھی مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔ کمپنی نے حالیہ مہینوں میں ایکس باکس کنسولز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا، جس سے اس شعبے میں نئی حکمت عملی کے اشارے ملتے ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں کہ مائیکروسافٹ ملازمین کی تعداد کم کرنے پر غور کر رہی ہو۔ اس سے قبل بھی کمپنی کئی بار افرادی قوت میں کمی کے اقدامات کر چکی ہے اور گزشتہ برس بھی ہزاروں ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔










